‘بیرسٹر گوہر

پی ٹی آئی کے ساتھ منصفانہ سلوک نہیں ہو رہا‘بیرسٹر گوہر

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہرخان نے کہا ہے کہ نگراں حکومت پارٹی بن چکی ہے‘ پی ٹی آئی کے ساتھ منصفانہ سلوک نہیں ہو رہا۔
میڈیا گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سپریم کورٹ نے لیول پلینگ فیلڈ کا آرڈر دیا تھا اس پر عمل درآمد نہیں ہوا، ملک کے مختلف علاقوں میں ہمارے لوگوں کو نشانہ بنایا گیا ہے، یہ عمل آئین کے خلاف اور جمہوریت کا قتل ہے۔
بلے کے انتخابی نشان کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ اگر بلے کا نشان نہیں دیا گیا تو مخصوص نشستیں ضائع ہو جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ اس طریقے سے کرپشن کی بنیاد رکھی جا رہی ہے، سپریم کورٹ سے یہ درخواست ہے کہ بلے کا نشان بحال کیا جائے۔
بیرسٹرگوہر نے کہا کہ ہمارے ساتھ منصفانہ سلوک نہیں ہو رہا،آر او آفس میں ہمارے بندوں کو جانے نہیں دیا گیا، انہیں روکا اور مارا پیٹا جاتا رہا ہے، سپریم کورٹ نے لیول پلینگ فیلڈ کا آرڈر دیا تھا اس پر عمل درآمد نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ جب الیکشن کا عمل چل رہا تھا تو صرف پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ غیر آئینی سلوک رکھا گیا۔
رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ورکرز نے ملک بھر میں سب سے زیادہ کاغذات نامزدگی جمع کروائے، اسکروٹنی کے وقت 873 امیدواروں کے کاغذات مسترد کیے گئے، کاغذات اس طرح سے مسترد ہوئے جس پر اسلام آباد ہائیکورٹ بھی حیران ہوئی۔

مزید پڑھیں:  لبنان پر خوفناک اسرائیلی بمباری، 100 افراد شہید، 400 سے زائد زخمی
مزید پڑھیں:  باجوڑ میں دیرینہ دشمنی پر پولیس اہلکار کو قتل کردیا گیا

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ سروے ایجنسیوں کے مطابق تحریک انصاف کی مقبولیت 70 فیصد سے زائد ہے، تقریباً دس کروڑ سے زائد رجسٹرڈ ووٹ ہمارے ساتھ ہیں، کیا ایسے ہتھکنڈوں کے بعد ووٹر الیکشن کو تسلیم کرے گا؟
انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے ایسے حالات میں عدلیہ ضرور مداخلت کرے گی، ہماری سپریم کورٹ سے استدعا ہے بلے والے کیس میں مثال بنائے۔
چیف جسٹس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کبھی نہیں کہا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر اعتماد نہیں، ایسی بات انہیں کرنی بھی نہیں چاہیے۔