خودمختارفلسطینی ریاست کاقیام ہماری اولین ترجیح

خودمختارفلسطینی ریاست کاقیام ہماری اولین ترجیح ہے، فیصل بن فرحان

ویب ڈیسک: سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ایک مرتبہ پھر غزہ جنگ بندی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ خودمختارفلسطینی ریاست کاقیام ہماری اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے حالیہ اسرائیل کے فضائی حملوں کے حوالے سے اپنے ردعمل میں کہا کہ غزہ کی جنگ نے تنازع فلسطین کے پرامن اور منصفانہ حل ناگزیر بنا دیا۔ اس کے بعد جنگ بندی کی ضرورت شدت سے محسوس کی جا رہی ہے۔
سعودی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ خودمختارفلسطینی ریاست کاقیام ہماری اولین ترجیح ہے اور مقصد کے حصول کیلئے ہم بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے مسئلہ فلسطین کےحوالے سے کہا کہ خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کے بغیر خطے میں امن آ سکتا ہے نہ ہی موجودہ سیاسی افراتفری تھم سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد و خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام اور اس میں عالمی نظام کے قوانین کے نفاذ پر زور دیتے رہیں گے۔
غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے حوالے سے شہزادہ فیصل نے بتایا کہ جب تک فلسطینی ریاست قائم نہیں ہوگی، خطے میں امن اور سلامتی کا خواب پورا نہیں ہوسکتا۔ عالمی برادری بھی اس بات پر متفق ہے کہ خطے میں استحکام کا حل صرف فلسطینی ریاست کے قیام میں ہی مضمر ہے۔
سعودی عرب کے علاوہ دیگر ممالک بھی اپنے تئیں اس کوشش میں ہیں کہ کسی طرح غزہ جنگ بندی کرائی جا سکے۔

مزید پڑھیں:  مجوزہ آئینی پیکیج مسترد، بار ایسوسی ایشنز نے مزاحمت کا اعلان کر دیا