بجلی مزید 2 روپے 10 پیسے

بجلی مزید 2 روپے 10 پیسے مہنگی ہونے کا امکان

مہنگائی کے ستائے عوام پر ایک اور مشکل آن پڑی، بجلی مزید 2 روپے 10 پیسے مہنگی ہونے کا امکان، سی پی پی اے نے نیپرا میں درخواست جمع کرا دی۔
ویب ڈیسک: مہنگائی کا شکار عوام پر حکومت کی جانب سے مزید بوجھ ڈالنے کی تیاری کی جانے لگی ہے، جہاں گیس، پیٹرولیم مصنوعات اور اشیائے خوردونوش کی قیمتیں تواتر کے ساتھ بڑھ رہی ہیں۔ وہاں بجلی مزید 2 روپے 10 پیسے مہنگی ہونے کا امکان ظاہر کیا جانے لگا ہے۔
بجلی کی قیمت بڑھنے سے مہنگائی کا ایک نیا طوفان آئیگا۔ سی پی پی اے کی جانب سے نیپرا میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ پہلے سے مہنگی بجلی مزید مہنگی کرنے کی راہیں ہموار کی جا رہی ہیں۔ سی پی پی اے کی اضافے کی درخواست کے مطابق بجلی مزید 2 روپے 10 پیسے مہنگی ہو سکتی ہے۔ بجلی یونٹ میں مزید اضافہ ماہانہ فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مانگا گیا ہے۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سی پی پی اے نے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ جون کی مد میں مانگا ہے۔
نیپرا اتھارٹی کی جانب سے موصول درخواست پر سماعت 31 جولائی کو کی جائے گی۔
یاد رہے کہ بجلی مہنگی ہونے سے پہلے ہی ملک بھر میں شور اٹھ رہا ہے، کاروبار متاثر ہو رہے ہیں تاہم تمام صورتحال سے لاتعلق ہو کر ایک بار پھر بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر کے مسائل کا شکار عوام کو زندہ درگور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس سے قبل حکومت نے بجلی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جس کے بعد گھریلو صارفین کیلئے بجلی کا فی یونٹ بنیادی ٹیرف 48روپے 84 پیسے تک پہنچ گیا تھا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق گھریلوصارفین کے لیے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 7 روپے 12 پیسے تک اضافہ کیا گیا۔

مزید پڑھیں:  ٹانک اور صوابی میں فائرنگ سے بچے سمیت دو افراد جاں بحق