نقصانات کا ازالہ پہلی ترجیح

بارشوں سے متاثرہ خاندانوں کے نقصانات کا ازالہ کرنا پہلی ترجیح ہے ،وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ بارشوں سے متاثرہ خاندانوں کے نقصانات کا ازالہ پہلی ترجیح ہے ۔
صوبے کے چاروں ریجنز کے اراکین پارلیمنٹ و دیگر پارٹی قائدین سے ملاقات کے دوران کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبہ بھر میں تکمیل کے قریب 600 مختلف ترقیاتی منصوبوں کی نشاندہی کی گئی ہے یہ منصوبے اس سال دسمبر تک مکمل کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کو پہلی ترجیح میں مکمل کیا جارہا ہے، عمران خان کے وژن کے مطابق ترقیاتی منصوبوں کے اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کیا گیا ہے۔
ملاقات کے دوران حلقوں میں عوامی مسائل کے حل، عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں خصوصا مون سون بارشوں سے متاثرہ انفراسٹرکچرز کی بحالی اور ریلیف سرگرمیوں سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی ۔
وزیراعلیٰ نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ
ترقیاتی منصوبے مقامی سطح پر شروع کئے جائیں، ان کی موثر مانیٹرنگ ہو اور وہ مقررہ وقت میں مکمل ہوسکیں، منتخب عوامی نمائندے اپنے اپنے علاقوں کی ضروریات اور عوامی ترجیحات کو سامنے رکھ کر منصوبے تجویز کریں۔
انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں پر عوام کے ٹیکس کا پیسہ خرچ ہوتا ہے اس کا دانشمندانہ استعمال یقینی بنائیں گے، ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح تب کیا جائے گا جب وہ ہر لحاظ سے مکمل ہو اور وہاں پر عوامی خدمات کی فراہمی شروع ہو،صرف نام کی تختی لگانے کے لئے افتتاح نہیں کئے جائیں گے۔
علی امین گنڈا پور کا مزید کہنا تھا کہ بلدیاتی اداروں کو مستحکم بنانے پر کام کررہے ہیں تاکہ عوامی مسائل مقامی سطح پر حل ہوسکیں۔
انہوں نے کہا کہ مون سون بارشوں کی وجہ سے متاثرہ انفراسٹرکچرز کی بحالی کے لئے پہلے سے فنڈز مختص کئے گئے ہیں، متاثرہ انفراسٹرکچرز اور گھرانوں کی بحالی سمیت ریلیف سرگرمیاں ترجیحی بنیادوں پر شروع کئے جائیں گے۔
بارشوں سے متاثرہ خاندانوں کے نقصانات کا ازالہ پہلی ترجیح پر کیا جائے گا اس سلسلے میں کام کر رہے ہیں، متاثرین کی بحالی کے لئے وسائل کی کمی آڑے نہیں دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے ملاقات کے دوران 5اگست کے صوابی جلسے کو کامیاب بنانے سے متعلق معاملات پر بھی مشاورت کی ۔
انہوں نے کہا کہ5اگست کا جلسہ عمران خان کی کال پر پہلا جلسہ ہے، جسے ایک کامیاب اور تاریخی جلسہ بنانا ہے، صوبہ بھر سے پارٹی کارکنان اور عوام کی بھر پور شرکت یقینی بنانی ہے۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ جلسے میں بھر پور عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا جائے گا۔
اس موقع پر منتخب عوامی نمائندوں اور پارٹی قائدین نے 5 اگست کے جلسے کو تاریخی جلسہ بنانے کے عزم کا اظہار کیا ۔

مزید پڑھیں:  امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا ملین مارچ کا اعلان