خیبرپختونخوا میں امن و امان

خیبرپختونخوا میں امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے،محسن نقوی

ویب ڈیسک: وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ،کرم میں اراضی کے تنازع پر قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیرداخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی جس میں صوبے کی مجموعی صورتحال سمیت امن و امان پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
ملاقات کے دوران وزیر داخلہ اور گورنر خیبرپختونخوا نے کرم کے واقعات پر سخت تشویش کرتے ہوئے ایسے واقعات کے سدباب کے لئے کثیر الجہتی مشترکہ حکمت عملی ترتیب دینے پر اتفاق کیا ۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے، کرم میں اراضی کے تنازع پر قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعض عناصر نے دو گروپوں کے مابین تصادم کو غلط رنگ دیا جس سے کشیدگی میں اضافہ ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ کرم سے تعلق رکھنے والے ایم ڈبلیو ایم کے ایم این اے حمید حسین کی قیادت میں معززین علاقہ سے ملاقات کی، کرم میں صورتحال کو معمول پر لانے کیلئے فوری اقدامات کئے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بھی صورتحال کے تناظر میں موثر اقدامات کئے، پوری کوشش ہے کہ کرم سمیت خیبرپختونخوا میں امن عامہ کی صورتحال کو بہتر بنایا جائے، امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے میں بیرونی ہاتھ نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔
ملاقات کے دوران گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے قیام امن کیلئے تعاون پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔

مزید پڑھیں:  سنگجانی جلسہ،پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف بغاوت کامقدمہ درج کرنےکافیصلہ