دونوں ممالک کے مابین تجارت

دونوں ممالک کے مابین تجارت کے فروغ کیلئے کوشش کرینگے، بابر سلیم سواتی

ویب ڈیسک: سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی سے قونصل جنرل افغانستان حافظ محب اللہ نے ملاقات کی، سپیکر چیمبر میں ہونیوالی ملاقات میں سپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارت کے فروغ کیلئے کوشش کریں گے۔
یاد رہے کہ اس موقع پر صوبائی وزیر نذیر عباسی، ایم پی اے احمد کریم کنڈی، عارف احمد زئی، سیکرٹری اسمبلی اور دیگر متعلقہ شخصیات موجود تھیں۔
اس دوران دونوں ممالک کے تعلقات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
سپیکر صوبائی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کی عوام ایک عرصے سے ایک دوسرے کے قریب ہیں، دونوں ممالک آزاد تجارت کے خواہاں ہیں، ہم مل کر اسے ممکن بنا سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں اپنی استعداد کے مطابق دونوں ممالک کے مابین تجارت کے فروغ کیلئے کوشش کریں گے۔
بابر سلیم سواتی کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی حکومتی پالیسوں سے ہٹ کر ہم عوامی سطح پر ایک دوسرے کے بہت قریب ہیں، اس کے علاوہ ہمیشہ اس بات کا حامی رہا کہ جس کی پیدائش پاکستان میں ہوئی ہو اسے یہیں کی شہریت ملنی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں دونوں ممالک کے درمیان آزاد تجارت کے فروغ کے لیے ہم اپنی قانونی حد میں رہتے ہوئے کوشش کریں گے۔ اس کے برعکس پاکستان اور افغانستان کی عوام میں کچھ عناصر نفرتیں پھلانے کیلئے سرگرم رہے ہیں، تاہم دونوں ممالک کے لوگوں میں مثبت پیغام ہم نے پہنچانا ہے تاکہ نفرتیں ختم اور اس خطے کے دو اہم ممالک آپس میں جڑے رہیں۔
سپیکر صوبائی اسمبنلی نے مزید کہا کہ اس خطے میں امن کے لیے ضروری ہے کہ نفرتیں پھیلانے والے عناصر کی سرکوبی اور حوصلہ شکنی کی جائے۔
افغانی قونصل جنرل نے اس موقع پر کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ کھڑ ے تھے، ہیں اور رہیں گے۔ ہم ہمیشہ سے پاکستان کے ساتھ اچھے برادرانہ تعلقات کے حامی رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہمارا برادر اسلامی ملک ہے، دونوں ممالک میں وسیع تجارتی سرگرمیاں نہ صرف دونوں ممالک کے عوام بلکہ خطے کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی سیکورٹی صورتحال پر اِن کیمرا اجلاس طلب