ارشد ندیم کیلئے 15 کروڑ روپے

شہباز شریف کا ارشد ندیم کیلئے 15 کروڑ روپے انعام کا اعلان

ویب ڈیسک: ملک کیلئے 40 سال بعد اولمپکس گولڈ میڈل لانے پر وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے قومی ہیرو ارشد ندیم کیلئے 15 کروڑ روپے انعام کا اعلان کر دیا گیا۔
وزیراعظم ہاؤس میں ارشد ندیم کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، اس تقریب میں ارشد ندیم، ان کے اہل خانہ اور حکومتی وزرا وغیرہ نے شرکت کی۔
وزیراعظم شہبا شریف کا ارشد ندیم کیلئے 15 کروڑ روپے انعام کا اعلان کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اس محفل اور پاکستان کے 25 کروڑ عوام کے ہیرو آج ہمارے درمیان موجود ہیں، یہ انتہائی فخر اور خوشی کا لمحہ ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم نے جشن آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا، ان کی جیت نے پوری پاکستانی قوم کو ایک نیا حوصلہ دیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سندھ حکومت نے ارشد ندیم کے لیے 5 کروڑ جبکہ پنجاب حکومت نے 10 کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ میں ارشد ندیم کے لیے 15 کروڑ روپے انعام کا اعلان کرتا ہوں۔
یاد رہے کہ اس موقع پر وزیراعظم کی جانب سے اسلام آباد کے ایف 9 اورایف 10 کے درمیان سڑک کا نام ارشد ندیم روڈ رکھے جانے کا اعلان کیا گیا۔
اولمپکس گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے وزیراعظم ہاؤس میں استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پورے پاکستان نے میرا استقبال میری محنت سے زیادہ کیا۔ ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جو عزت کھلاڑی کو دی جاتی ہے وہ سب سے اہم ہوتی ہے۔

مزید پڑھیں:  وادی کمراٹ کی لاسپور جھیل ٹوٹنے کا خطرہ، بڑی تباہی کا امکان