28اگست کو ملک گیر ہڑتال ہوگی

28اگست کو ملک گیر ہڑتال ہوگی، امیر جماعت اسلامی

ویب ڈیسک: جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان کی جانب سے ایک بار پھر ملک گیر ہڑتال کی کال دیدی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ 28اگست کو ملک گیر ہڑتال ہوگی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا عوام سے کہنا تھا کہ ہڑتال کامیاب بنانا آپ کا کام ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آپ کو اس دوران متشدد کارروائیوں سے بچنا ہوگا، اس دوران کوئی توڑ پھوڑ نہیں کرنی، پوری تاجر برادری بھی 28 تاریخ کو ہڑتال کررہی ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کو بتانا ہے کہ پوری قوم اور تاجر برادری ہڑتال کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز نے عوام کا سارا خون چوسا ہوا ہے، دفاعی بجٹ سے بھی زیادہ ان آئِ پی پیز کو ادائیگیاں کی جا رہی ہیں، سندھ کی حکومت بدترین حکومت ہے، جبکہ اسٹیبلشمنٹ کے قریب تر پیپلزپارٹی کے وڈیرے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ فارم 45 اور 47 کا چکر ایم کیو ایم کے ساتھ کھیلا گیا۔
ماقبل انہوں نے کہا تھا کہ جمہوریت کو فروغ دینے کے لئے سیاسی جماعتیں اہمیت نہیں دیتیں، ملک اس وقت مختلف مسائل کی دلدل میں دھنسا ہوا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عوام کو مہنگائی، بے روزگاری اور دیگر مسائل کا سامنا ہے، جمہوریت کو آگے بڑھانے کیلئے خود کو جمہوری کہنے والوں کو جمہوری بن کر دکھانا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم خود اعتراف کر رہے ہیں کہ غریب آدمی بجلی کابل ادا نہیں کرسکتا۔ سیاستدانوں کا آمرانہ طرزعمل جاری رہے گا تو پھر جمہوریت نہیں جمہوری آمریت ہوگی۔
یاد رہے کہ امیر جماعت اسلامی نے کہا ہے کہ 28اگست کو ملک گیر ہڑتال ہوگی، تاجر برادری بھی عوام کے ساتھ احتجاج کا حصہ ہوگی.

مزید پڑھیں:  شہید حسن نصراللہ کا جسد خاکی تلاش کرلیا گیا