حکومت فوری نئے چیف جسٹس کے

حکومت فوری نئے چیف جسٹس کے نام کا اعلان کرے، عمرایوب

ویب ڈیسک: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری نئے چیف جسٹس کے نام کا اعلان کرے۔
قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہا کہ حکومت کو موجودہ صورتحال میں فوری طور پر نئے چیف جسٹس کا اعلان کرنا چاہئے، اگر اس حوالے سے کوئی قانون سازی کی گئی تو شدید احتجاج کریں گے۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے چیف جسٹس آف پاکستان کی تقرری پر وزیر قانون سے صورتحال واضح کرنے کا مطالبہ کیا تو وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے ایوان میں صورت حال واضح کی۔
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیرتارڑ نے کہا کہ موجودہ آئین و قانون کے مطابق ہائی کورٹس میں موجود سینئر ججز میں سے کسی کو جوڈیشل کمیشن اور پارلیمانی کمیٹی چیف جسٹس مقرر کرسکتی ہے، لاہور ہائی کورٹ کی جج پانچویں نمبر پر تھیں انہیں جوڈیشل کمیشن نے چیف جسٹس بنادیا۔ وزیر قانون نے کہا کہ اٹھارہویں آئینی ترمیم کے تحت چیف جسٹس سپریم کورٹ کی تقرری سینئر موسٹ کو چیف جسٹس بنایا جاتا ہے، سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کے معاملے پر آئین کے مطابق ہی چلا جاسکتا ہے۔
اپوزیشن لیڈر نے حاجی امتیاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے اور انہیں اجلاس میں طلب کرنے پر سپیکر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت اچھی روایت ہے۔
پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے پنجاب کے کچے کے علاقے میں ہونے والی دہشت گرد کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ آئی جی پولیس پنجاب کو بر طرف کر دینا چاہئے۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ تحریک انصاف آٹھ ستمبر کو ہر صورت جلسہ کرے گی۔
یاد رہے کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری نئے چیف جسٹس کے نام کا اعلان کرے۔

مزید پڑھیں:  مشیر خزانہ خیبر پختونخوا کاآئی ایم ایف پروگرام کے بعض نکات پر تحفظات کا اظہار