دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ہمارا عزم

دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ہمارا عزم پختہ ہے، شہباز شریف

ویب ڈیسک: وفاقی کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ہمارا عزم پختہ ہے، ملک دشمنوں سے کوئی بات نہیں ہوگی، دہشتگردی ختم کرنے کا وقت آ گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ سے ملک میں دہشتگردی کی لہر میں اضافہ ہوا ہے، اس دوران سیکیورٹی فورسز کے جوانوں سمیت 50 سے زائد پاکستانی شہید ہوئے۔ بلوچستان میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات کی شدید مذمت کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بے گناہ پاکستانیوں کو نشانہ بنایا، ان کا کہنا تھا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ ٹی ٹی پی کے دہشتگرد افغان سرزمین سے کارروائیاں کرتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشتگرد اس غلط فہمی کا شکار ہیں کہ وہ اپنی دھاک بٹھا سکتے ہیں یا اس میں انہیں کامیابی ملے گی۔
اجلاس سے اپنے خطاب مِیں وزیراعظم نے بتایا کہ ان دہشتگردوں کے مذموم مقاصد میں پاکستان کی ترقی روکنا اور چین اور پاکستان کے درمیان خلیج پیدا کرنا شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی صورت سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، حالیہ دہشتگردی کی لہر روکنا ضروری ہے، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ہمارا عزم پختہ ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک دشمنوں کے ساتھ کوئی بات کی جائیگی، نہ ہی دہشت گردوں کیلئے ملک میں کوئی جگہ ہے، اب دہشتگردی کو ختم کرنے کا وقت آ پہنچا ہے۔
انہوں نے ٹھوس لہجے میں کہا کہ دہشتگردی کا خاتمہ کر کے دم لیں گے، پاک فوج اور قوم دہشتگردی کے خاتمے کیلئے یکسو ہے۔ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر دہشتگردی کا خاتمہ کریں گے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ جلد بلوچستان کا دورہ کر کے مکمل جامع بات چیت کروں گا اور صورتحال کا جائزہ لے کر فی الفور اقدامات کئے جائیں گے۔

مزید پڑھیں:  عوام کیلئے خوشخبری، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان