اشتہاری مراد سعید

اشتہاری مراد سعید خیبر پختونخوامیں حکومتی فیصلے کررہا ہے،عظمیٰ بخاری

ویب ڈیسک: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ9مئی کا اشتہاری مراد سعید بیرون ملک بیٹھ کر خیبر پختونخوامیں حکومتی فیصلے کررہا ہے ، علی امین گنڈاپور عثمان بزدار پارٹ ٹو بن چکے ہیں۔
بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں کرپشن اور اقربا پروری کے خلاف آوازیں تحریک انصاف کے اندر سے اٹھ رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو فنڈز خیبر پختونخوا کے عوام پر خرچ ہونے ہیں وہ ریوڑیوں کی طرح آپس میں بانٹے جارہے ہیں ۔
عظمیٰ بخاری نے بیرسٹر سیف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف آپ کے لیڈر کا نام لینا بھی مناسب نہیں سمجھتے، سیاسی یتیموں کا ٹولہ از خود ہی خیالی پلائو بنا رہا ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ مذاکرات کے لیے آپکے لیڈر مرے جارہے ہیں ہمیں کوئی دلچسپی نہیں، بانی پی ٹی آئی ڈیڑھ سال سے نوازشریف کی منتیں ترلے کررہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی سیاست، ویژن اور مشن صرف پاکستان کی ترقی اور خوشحالی ہے، عمران خان کے ساتھ کسی جماعت کا سیاسی لیڈر بیٹھنا بھی مناسب نہیں سمجھتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان مفاد پرست، احسان فراموش اور محسن کش انسان ہے، جو شخص اپنے محسنوں کو میر جعفر کے القابات دیتا ہے اس پر اعتماد کرنے کو تیار نہیں۔
وزیراطلاعات پنجاب نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے 9 مئی کا اشتہاری مراد سعید بیرون ملک بیٹھ کے حکومتی فیصلے کر رہا ہے کہ کس کو کابینہ میں رکھنا اور کس کو نکالنا ہے؟ یہ اب مراد سعید علی امین گنڈاپور کو بتارہا ، علی امین گنڈاپور عثمان بزدار پارٹ ٹو بن چکے ہیں۔

مزید پڑھیں:  حسن نصراللہ کی شہادت سے عدم استحکام مزید بڑھے گا: پاکستان