وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے دھرنے

خیبر پختونخوا کے بلدیاتی نمائندوں کاوزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے دھرنے کا اعلان

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا کے منتخب بلدیاتی نمائندوں فنڈز ،اختیارات اور دیگر مسائل کے حل کے لئے وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے دھرنے کا اعلان کردیا ہے ۔
اس حوالے سے بلدیاتی نمائندوں کی صوبائی ایکشن کونسل کا اجلاس میئر پشاور حاجی زبیر علی کے دفتر میں ہوا۔
اجلاس میں میئر پشاور حاجی زبیر علی ، مئیر حمایت اللہ مایار سمیت تمام میئرز، چیئرمینز ،ناظمین اور کونسلرز نے شرکت کی ۔
اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ 4ستمبر کو وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر دھرنا دیا جائے جس میں تمام منتخب بلدیاتی نمائندے شریک ہوں گے ۔
صوبائی ایکشن کونسل نے فیصلہ کیا کہ دھرنا شرکا 4ستمبر کو جناح پارک میں جمع ہونگے جہاں سے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ ریلی کی شکل میں جائیں گے ۔
اس حوالے سے میئر مردان حمایت اللہ مایار نے کہا کہ صوبائی حکومت بلدیاتی نمائندوں کو انتظامی اور مالی اختیارات نہیں دے رہی، موجودہ صوبائی حکومت نے بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات میں بے جا ترامیم کیں جو کسی صورت قبول نہیں۔
اس موقع پر میئر پشاور حاجی زبیر علی کا کہنا تھا کہ اے این پی، جماعت اسلامی، پی ٹی آئی، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے تمام بلدیاتی امیدوار دھرنے میں شرکت کریں گے ۔
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں نے اپنے تحفظات اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی عمران خان کو بھی پیش کردیئے ہیں ۔
حمایت اللہ مایار کا کہنا تھا کہ بلدیاتی نمائندوں کو 2019ایکٹ کے مطابق اختیارات دیئے جائیں ۔
حاجی زبیر علی نے کہا کہ گزشتہ تین سالوں سے فنڈز سے محروم رکھا گیا ،صوبائی حکومت فوری طور پر مالی اور انتظامی اختیارات بلدیاتی نمائندوں کو واپس کرے۔

مزید پڑھیں:  نیپال میں شدید بارش اورسیلاب ،170سے زائد افراد ہلاک، سینکڑوں لاپتہ