یوٹیلٹی سٹورز ملازمین کا دھرنا ختم

کامیاب مذاکرات کے بعد یوٹیلٹی سٹورز ملازمین کا دھرنا ختم

ویب ڈیسک: یوٹیلٹی سٹورز ملازمین نے حکومت سے کامیاب مذاکرات کے بعد دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا، وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے ملازمین کو یقین دہانی کرائی کہ یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن بند کرنے کا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں۔
تفصیلات کے مطابق حکومتی وفد سے مذاکرات کے بعد یو ایس ای دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے ملازمین کو یقین دہانی کرائی کہ یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن کو بند کرنے کا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں، سرکاری ملازمین کے مفادات کا تحفظ کیا جائے گا۔
ملاقات میں ایم ڈی یوٹیلٹی سٹور کارپوریشن اور سیکرٹری صنعت و پیداوار بھی شریک تھے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن کی تنظیم نو کے مختلف آپشنز پر کام ہو رہا ہے جبکہ شفافیت لانے کے لئے سبسڈی کا نیا طریقہ کار وضع کیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ یو ایس سی بند کرنے کےلئے حکومت کی جانب سے کوئی یکطرفہ اقدام نہیں کیا جائے گا۔
یوٹیلٹی سٹورز ملازمین نے حکومتی وفد سے کامیاب مذاکرات کے بعد دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا تاہم واضح کیا کہ حکومت نے یوٹیلٹی سٹورز بند کرنے کا فیصلہ واپس نہ لیا تو دوبارہ دھرنا دیا جائے گا۔
وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں یوٹیلٹی سٹوز کی بندش کا فیصلہ کیا گیا جس کے خلاف 26 اگست سے یوٹیلٹی سٹورز کے ملازمین نے ڈی چوک میں دھرنا دیا ہوا تھا۔
یاد رہے کہ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے ملازمین کو یقین دہانی کرائی کہ یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن بند کرنے کا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں۔

مزید پڑھیں:  صوبائی کابینہ کے اراکین کیلئَے بہترین کارکردگی پر انعامات کا اعلان