آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری

وفاقی کابینہ آج آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری دے گی

ویب ڈیسک: وفاقی کابینہ کا اجلاس وقت کی تبدیلی کے بعد آج سہ پہر 3بجے طلب کرلیا گیا ہے جس میں آئینی ترامیم کے مسودے کی منظوری دی جائے گی۔
سرکاری حکام کے مطابق حکومت نے وفاقی کابینہ کے آج ہونے والے اجلاس کا وقت تبدیل کرکے 3 بجے کردیا ہے اور اب اجلاس 3 بجے پارلیمنٹ ہاوس میں ہوگا۔
اس سے قبل کابینہ اجلاس 12 بجے پارلیمنٹ ہاس میں طلب کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات وزیراعظم آفس میں ن لیگ اور اتحادی جماعتوں کے اعزاز میں عشایے کا اہتمام کیا گیا، ایم کیو ایم، باپ، نیشنل پارٹی اور دیگر اتحادیوں نے عشایے میں شرکت کی۔
وزیراعظم نے ارکان کو آج پارلیمنٹ میں اپنی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔ حکومت کی جانب سے مجوزہ آئینی ترمیم میں سے کچھ تفصیلات نائب وزیراعظم اسحق ڈار نے بیان کردی ہیں۔
وزیراعظم کی جانب سے اتحادی جماعتوں کو دیے گئے عشایے میں اسحاق ڈار نے شرکا کو آئینی ترمیم کے حوالے سے آگاہ کیا اور بتایا کہ سپریم کورٹ میں آئینی عدالت قائم کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ عوامی مفاد کیلئے علیحدہ عدالت قائم کرنے کی تجویز ہے اس لیے آئین میں ترمیم کی جا رہی ہے۔ اراکین نے وزیراعظم کو آئینی ترمیم میں اپنی حمایت کی یقین دہانی بھی کرائی۔
قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف اور جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان رات گئے ملاقات ہوئی جو اہم سیاسی پیش رفت کے طور پر سامنے آئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں وزیر اعظم نے مولانا فضل الرحمان کو حکومت میں شامل ہونے کی ایک بار پھر دعوت دی۔
قانونی ٹیم کے ساتھ مشاورت کے بعد ہونے والی اس ملاقات میں آئینی ترمیم پر بھی گفتگو ہوئی، جس کے بارے میں مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم کو اعتماد میں لینے کی بات کی۔

مزید پڑھیں:  ہسپتالوں نے ادویات خریداری کےلئے مستقل بجٹ مانگ لیا