وفاقی کابینہ کا اجلاس پھر ملتوی

وفاقی کابینہ کا آج ہونے والا اجلاس موخر کردیا گیا

ویب ڈیسک: حکومت نے وفاقی کابینہ کا آج ہونے والا اجلاس موخر کر دیا جس کے بعد آئینی ترامیم کی منظوری کا بھی امکان ختم ہو گیا ہے ۔
آئینی ترامیم کی منظوری کے لئے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہونا تھا۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان کی جانب سے حمایت نہ ملنے پر کابینہ کا اجلاس ملتوی کیاگیا۔
دوسری جانب قومی اسمبلی میں آج معمول کی کارروائی ہوگی، 26ویں آئینی ترمیم آج بھی پیش نہ ہونے کاامکان ہے۔
اجلاس میں تین نکاتی ایجنڈے پر ہی غور کیا جائے گا، عدالتی اصلاحاتی پیکج آج پیش نہیں کیا جا سکے گا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے ججز کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق مجوزہ آئینی ترمیم بل پرحکومت کا ساتھ دینے سے انکار کردیا۔
خیال رہے کہ پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی برائے قواعد و ضوابط اور نظام کار کا اجلاس بے نتیجہ ختم ہوا تھاجہاں حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان آئینی ترامیم پر ڈیڈ لاک برقرار رہا تھا۔

مزید پڑھیں:  تحصیل کبل میں غیرت کے نام پر دوہرے قتل کی واردات، ملزم گرفتار