لاہور میں تحریک انصاف عوامی طاقت

لاہور میں تحریک انصاف عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی، تیاریاں مکمل

ویب ڈیسک: اسلام آباد کے بعد لاہور میں تحریک انصاف عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی، جس کیلئِے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بھی پی ٹی آئی کو کاہنہ مویشی منڈی میں جلسے کی مشروط اجازت دے دی گئی، اس سلسلے میں نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
لاہور کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ منتظمین سٹیج، خواتین اور مردوں کے انکلوژر کی سکیورٹی یقینی بنائیں گے اور بھگدڑ روکنے اور مناسب پارکنگ کا انتظام پرائیویٹ سکیورٹی اور رضاکاروں کے ذریعے یقینی بنانا بھی جلسہ منتظمین کی ذمہ داری ہے۔
اجازرت نامہ میں درج شرائط میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا 8 ستمبر کو اسلام آباد میں کی گئی تقریر پر معافی مانگیں گے۔ اس کے علاوہ بیرون شہر سے آنے والے جتھے روزمرہ معمولات میں خلل نہیں ڈالیں گے اور جلسےکے دوران ریاست یا اداروں کے خلاف نعرے اور بیانات نہیں دیئے جائیں گے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شرائط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کوئی اشتہاری مجرم جلسے میں شرکت یا سٹیج پر نظر نہیں آئے گا بصورت دیگر اشتہاری مجرم کی گرفتاری میں تعاون جلسہ انتظامیہ کی ذمہ داری ہوگی اور ناکامی کی صورت میں انتظامیہ پر معاونت کا مقدمہ درج ہوگا۔
جلسہ کیلئے جاری مشروط نوٹیفکیشن کے مطابق جلسے میں کوئی افغان پرچم نہیں لہرایا جائے گا، جلسہ منتظمین فوکل پرسنز نامزد کریں گے، اس دوران کسی کو بھی زبردستی اپنا کاروبار بند کرنے پر مجبور نہیں کیا جائے گا، اسلحے کی نمائش سختی سے منع ہوگی اور آتش بازی کا استعمال نہیں کیا جائے گا۔
ادھر اجازت ملنے کے بعد جلسہ گاہ میں پی ٹی آئی کی جانب سے تیاریاں شروع کردی گئیں، سٹیج لگنے اور جلسے کا میدان سجانے کا عمل جاری ہے، کرسیاں، قناتیں اور سٹیج کا سامان جلسہ گاہ میں لگنا شروع ہو گیا ہے، کارکنان نے بھی جلسہ گاہ کا رخ کر لیا ہے، کارکنان پارٹی بینرز اور پوسٹرز اٹھائے جلسہ گاہ میں داخل ہونا شروع ہو گئے ہیں۔

مزید پڑھیں:  افغانستان بدامنی کے خاتمے کیلئے پاکستان سے تعاون پر تیار