دشمن قوتوں کے عزائم ناکام بنانے

آرمی چیف کادورہ وانا، دشمن قوتوں کے عزائم ناکام بنانے کےعزم کااعادہ

ویب ڈیسک: آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے دورہ وانا کے دوران انہیں سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال پر ممل بریفنگ دی گئی، اس موقع پر پاک فوج نے دشمن قوتوں کے عزائم ناکام بنانے کے عزم کا اعادہ کرنے سمیت قبائلی عمائدین کا دہشت گردی کے خلاف کردار قابل تعریف قرار دیدیا۔
چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا کا دورہ کیا، اس موقع پر انہیں سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال، جاری انسداد دہشت گردی آپریشنز اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی۔
ملاقات میں آپریشنز کے حوالے سے افسران اور جوانوں کی تیاریوں اور ان کے بلند حوصلے کی تعریف کی گئی تاکہ دشمن قوتوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جا سکے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دشمن قوتوں اور ان کے سہولت کاروں کے منصوبوں کو ناکام بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے ملک کی حفاظت کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بے لوث قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا، اس موقع پر انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج خیبر پختونخوا پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تکنیکی مدد اور مکمل تعاون فراہم کرتی رہے گی۔
دورہ وانا کے موقع پر جنرل عاصم منیر نے خیبر پختونخوا کے عوام کے امن کے قیام اور جنوبی وزیرستان انٹیگریٹڈ ڈیولپمنٹ پلان کے تحت مختلف منصوبوں کو آگے بڑھانے میں ان کے اہم کردار کا بھی اعتراف کیا۔
اس موقع پر انہوں ںے خیبر پختونخوا کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے پاک فوج کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔
آرمی چیف نے قبائلی عمائدین کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے لوث حمایت اور پاکستان آرمی کے ساتھ تعاون پر اظہار تشکر کیا۔
=پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق وانا پہنچنے پر آرمی چیف نے شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھا کر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔
یاد رہے کہ پاک فوج نے دشمن قوتوں کے عزائم ناکام بنانے کے عزم کا اعادہ کرنے سمیت قبائلی عمائدین کا دہشت گردی کے خلاف کردار قابل تعریف قرار دیدیا۔

مزید پڑھیں:  ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ: بلوٹوتھ استعمال کے الزام پر کرک میں 8 افراد گرفتار