گول گپے

مزیدار گول گپے گھر پر تیار کریں

ویب ڈیسک: گول گپے سامنے ہوں اور کوئی کھائے بغیر رہ جائے ایسا تو یو ہی نہیں سکتا۔ چند کھانے ایسے ہیں جنہیں دیکھ کر ہی منہ میں پانی آنے لگتا ہے گول گپے بھی انہی میں سے ایک ہے۔ ان کو کھانے کی ابتداء بھارت کے علاقے ماگھدھا سے ہوئی۔ پانی پوری کو شادی کی تقریبات، سالگرہ اور خوشی کے دیگر موقعوں پر کھانے سے پہلے پیش کیا جاتا ہے۔

پاکستان ، بھارت ، نیپال اور بنگلہ دیش میں گول گپے پسندیدہ سنیکس ہیں جو کھانے کے بعد اور شام کے وقت نہایت شوق سے کھائے جاتے ہیں ۔ جنوبی ایشیاء کے مختلف حصوں میں اسے مختلف ناموں سے پکارا جاتا ہے ماگھدھا میں اسے پھولکی جبکہ نئی دہلی ، کشمیر ، بنگال اور پاکستان میں گول گپے ، نیپال ، گجرات اور بھارت کے بیشتر علاقوں میں اسے پانی پوری کہا جاتا ہے ۔

اسی طرح ٹکی ، پھچکا، گپ چھپ اور پانی کے پتاشے بھی اس کے عام نام ہیں۔ یہ جنوبی ایشیاء کے مختلف علاقوں میں گلی محلوں کے کھانوں کے طور پر مقبول ہے جب کہ آج کل اسے ریسٹورنٹس کے کھانوں کی فہرست میں بھی شامل کر لیا گیا ہے۔ عام طور پر آٹے یا میدے کی مدد سے ایک گو ل پھولکی بنائی جاتی ہے جس میں کھٹا پانی، چنے اور دہی بھلے شامل کر کے کھایا جاتا ہے۔ اس کا کھٹا پانی سب ہی بہت شوق سے پیتے ہیں جو کھٹا ہونے کے ساتھ ساتھ تیکھا بھی ہوتا ہے گول گپوں کی سجاوٹ بھی اہمیت کی حامل ہے ۔

ایک پلیٹ میں پانچ سے چھ گول گپے رکھے جاتے ہیں جن میں سوراخ کر کے چنوں یا بھلیوں کا میٹریل بھرا جاتا ہے ۔ بعض افراد چنے اور چاٹ الگ سے رکھ دیتے ہیں، تاکہ کھانے والے اپنی مرضی سے ڈال کر کھا سکیں۔ جب کہ ان کے ساتھ چٹنیوں اور کھٹے پانی کی پیالی بھی رکھی جاتی ہے جس سے گول گپے کھانے کی اشتہا مزید بڑھ جاتی ہے۔ جب کہ کئی لوگ اس میں انار کے دانے، مکئی ، آلو اور مختلف سبزیاں شامل کر کے کھاتے ہیں۔ گھر میں پانی پوری بنانے کی آسان ترکیب قارئین کی نذر ہے ۔

اجزاء

  • سادہ آٹا : دو پیالی
  • کارن فلور : دو کھانے کے چمچ
  • نمک
  • ایک چوتھائی چائے کا چمچ تیل

ترکیب:

  1. اپنے ہاتھوں پر ذارا سا تیل لگا کر درمیانے سائز کے پیڑے بنا لیں
  2. اب ان پیڑوں سے بڑی اور باریک روٹی بیل لیں
  3. پھر کسی گول ڈھکن سے چھوٹی چھوٹی پوری کی شکل کی ٹکیاں کاٹ لیں
  4. ایک کڑاہی میں آئل گرم کریں جب خوب گرم ہو جائے تو گول گپے تلنا شروع کر دیں
  5. جب پھول کر گولڈن ہو جائیں تو نکال کر ایک چھلنی میں رکھ دیں تاکہ چکنائی جذب ہو جائے ۔

گول گپے کے ساتھ املی کا پانی

  • گرم پانی :پانچ پیالی
  • نمک : حسبِ ذائقہ
  • لال مرچ پسی ہوئی : ایک چائے کا چمچ
  • کالی مرچ پسی ہوئی : ایک چائے کا چمچ
  • کالا نمک : چٹکی بھر
  • سونٹھ : ایک چائے کا چمچ
  • چینی : ایک کھانے کا چمچ
  • بھنا سفید زیرہ: ایک چائے کا چمچ (پسا ہوا )

یہ سب چیزیں پانی میں ملا کر املی کا گاڑھا گاڑھا ساس بنا کر تھوڑا سا پکا کر چھان لیں ۔ گول گپے کے ساتھ پیش کریں ۔