اگر یوکرین نہیں بچتا تو یورپ بھی نہیں بچ سکے گا: صدر زیلنسکی

یوکرینی صدر ولودومیر زیلینسکی نے کہا ہے کہ اگر یوکرین نہیں بچتا تو یورپ بھی نہیں بچ سکے گا اور ہمارے ساتھ یورپ کا بھی خاتمہ ہو جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرینی صدر نے نیٹو کی جانب سے یوکرین کی فضائی حدود کو نو فلائی زون قرار نہ دینے کے فیصلے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آج سے یوکرین میں جتنے لوگ مریں گے وہ نیٹو کی وجہ سے مریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: روس اور یوکرین تنازع کے لیے ثالثی کا کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے: عرب

مزید پڑھیں:  کرغزستان سے 140پاکستانیوں کولاہور پہنچا دیا گیا

صدر ولودومیر زیلینسکی نے کہا کہ نو فلائی زون بنانے سے انکار کرکے نیٹو نے روس کو مزید بمباری کے لیے گرین سگنل دے دیا ہے۔ انہوں نے نیٹو سربراہی اجلاس کو کمزور اور الجھنوں سے بھرا اجلاس قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نیٹو نے جان بوجھ کر نو فلائی زون کا اطلاق نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

یوکرینی صدر نے مزید کہا کہ نیٹو میں شامل ممالک دشمن کے منصوبوں سے واقف ہیں، یوکرین ختم ہوا تو یورپ کا بھی خاتمہ ہو جائے گا۔

مزید پڑھیں:  غزہ میں اسرائیلی ظلم و ستم جاری، مزید 31 فلسطینی شہید

یاد رہے کہ یوکرینی صدر نے یوکرین کے فضائی حدود کو نو فلائی زون قرار دینے کی درخواست کی تھی۔ نیٹو نے ولودومیر زیلنسکی کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کے ملک کو نو فلائی زون قرار دیا تو روس سے براہ راست جنگ کا خطرہ ہے اور ایٹمی جنگ چھڑ سکتی ہے۔