جھولی پھیلائو مہم

پشاور میں سیلاب زدگان کیلئے جھولی پھیلائو مہم کا آغاز

ویب ڈیسک :سارک چیمبر آف کامرس، فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری، مرکزی تنظیم تاجران، بزنس کمیونٹی اور سیاسی رہنماوں نے خیبر پختونخوا کے سیلاب زدگان کی بحالی و آبادکاری کیلئے کمر کس لی، جھولی پھیلاو مہم کا آغاز کردیا گیا۔ حاجی غلام علی اور سید ظاہر علی شاہ کہتے ہیں کہ تمام تاجر و کاروباری طبقہ اور مخیر حضرات سے اپیل ہے کہ اس مہم میں بڑھ چڑھ کے حصہ لیا جائے کیونکہ یہ وقت کسی پر بھی آسکتا ہے.
یہ وقت سیلاب زدگان کی دل کھول کے مدد کرنے کا وقت ہے وگرنہ خدا ہمیں معاف نہیں کریگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس پریس کانفرنس پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق صوبائی وزیر سید ظاہر علی شاہ ، سارک چیمبر کے نائب صدر حاجی غلام علی، ، ایف پی سی سی آئی کے کوآرڈینیٹر سرتاج احمد خان، تاجروں کے نمائندہ تنظیموں سے شرافت علی مبارک اور ملک مہر الٰہی سمیت سرحد چیمبر اور سمال چیمبر کے صدور و عہدیدار شریک ہوئے۔
سینیٹر حاجی غلام علی کا کہنا تھا کہ پشاور میں بزنس کمیونٹی اور تاجروں کا ہنگامی اجلاس سید ظاہر علی شاہ کے گھر منعقد ہوا اور پورے ملک کی بزنس کمیونٹی کا اہم و ہنگامی اجلاس ایف پی سی سی آئی کے زیر اہتمام ویڈیو لنک کے ذریعے منعقد ہوا، اور ان دونوں اجلاسوں میں تمام کا اتفاق رائے یہی ہے کہ سیلاب زدگان کو کسی بھی طور اکیلا نہیں چھوڑنا بلکہ ہر لحاذ سے ان کی بھرپور مدد کرنی اور انکی بحالی و آبادکاری یقینی بنانی ہے۔

مزید پڑھیں:  لاہور: پی ٹی آئی جلسہ رکوانے کی درخواست مسترد، ناقابل سماعت قرار