ملکہ الزبتھ دوم

ملکہ الزبتھ دوم نے1961ء میں سوات کا دورہ کیا تھا

ویب ڈیسک :برطانیہ کی آنجہانی ملکہ الزبتھ دوم نے1961ء میں سوات کا سہ روزہ دورہ کیا تھا ۔سوات میں ان کا شاندار استقبال کیا گیا تھا۔ 1961ء میں دورۂ پاکستان کے دوران ان کو ریاستِ سوات کے والئی میاں گل عبدالحق جہانزیب نے سہ روزہ دورۂ ریاست سوات کی دعوت دی جو ملکہ الزبتھ دوم نے قبول کرلی۔ 76 سالہ محمد اسماعیل جو اُس وقت گورنمنٹ ہائی سکول ودودیہ میں چھٹی جماعت کے طالب علم تھے نے مشرق کو بتایا کہ سکول میں اساتذہ نے ان کو بتایا کہ ملکہ برطانیہ آرہی ہیں۔
سب طلبہ سڑک کنارے کھڑے ہوکر ان کا استقبال کریں گے اور یہ الفاظ کہیں گے:”long live the queen” انہوں نے کہا کہ سیدو شریف میں فیض آباد، امانکوٹ روڈ جہاں سے ملکہ اپنی گاڑی کے ذریعے شاہی محل جانے والی تھی۔ سڑک کی دونوں جانب سکول کے بچے اور لوگ کھڑے تھے۔ جب ملکہ کی گاڑی پہنچی، تو سب لوگ یہی الفاظ دہرا رہے تھے۔ اس وقت والئیِ سوات کی حویلی کے ملازم 94 سالہ عبدالواحد نے مشرق کو بتایا کہ ملکہ کے پہنچنے سے پہلے ریاست کے وزرا اور اعلیٰ عہدیدار اور علاقہ مشران ایک لائن میں استقبال کے لئے کھڑے تھے۔ جب وہ پہنچیں تو انہوں نے استقبال کیا۔ والئی سوات نے ان کا ملکہ سے تعارف کرایا۔
انہوں نے کہا کہ ملکہ نے شاہی حویلی میں دو راتیں قیام کیا تھا۔ ایک رات مرغزار کے ”وائٹ پیلس” میں گزاری تھی جہاں ملکہ کے لئے خصوصی کمرہ سجایا گیا تھا۔ سہ روزہ دورہ کے اختتام پر جب ملکہ الزبتھ اسلام آباد روانہ ہورہی تھی، تو انہوں نے والئی سوات کو سوات کے لوگوں کی مہمان نوازی اور سوات کے قدرتی حسن کی بہت تعریف کی۔

مزید پڑھیں:  مجوزہ آئینی ترامیم کےخلاف سپریم کورٹ میں ایک اور درخواست دائر