لانگ مارچ پر اخراجات

لانگ مارچ پر ایک روز میں 17کروڑ روپے سے زائدکے اخراجات

ویب ڈیسک : پاکستان تحریک انصاف کے خیبر پختونخوا سے لانگ مارچ پر ایک دن میں 17 کروڑ روپے سے زائد خرچ ہوںگے۔ ہر رکن اسمبلی اور پارٹی تنظیم کو اخراجات برداشت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے 26نومبر بروز ہفتہ لانگ مارچ راولپنڈی پہنچنے اور پارٹی کارکنوں کو دوپہر ایک سے دو بجے کے درمیان پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔ اس ضمن میں خیبر پختونخوا میں پارٹی کارکنوں اور رہنمائوں کی جانب سے رجسٹریشن کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے
اب ان ورکرز کیلئے سفری سہولیات اور اشیاء خوردونوش کا بندوبست کیا جارہا ہے۔ صوبائی وزیر اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے مشر ق کو بتایا کہ ہر رکن اسمبلی نے جن افراد کی رجسٹریشن کی ہے انہیں سفری سہولیات دینا ہیں جس کا بندوبست کرلیا گیا ہے۔ ان ورکرز کے کھانے پینے کا بھی بندوبست کیا گیا ہے ابتدائی طور پر ہر رکن اسمبلی نے سفری اخراجات کیلئے 10لاکھ روپے تک خرچہ آئے گا جبکہ اشیاء خوردونوش پر 4سے 5لاکھ روپے تک خرچ ہوںگے ۔ ہر رکن اسمبلی تقریبا 15لاکھ روپے خرچ کرے گا۔
کامران بنگش کے مطابق انہوں نے ان اخراجات کیلئے اپنی دو ماہ کی تنخواہ پارٹی کو دیدی ہے جو تقریبا 5لاکھ روپے بنتی ہے ۔ پارٹی ذرائع کے مطابق ہر حلقہ سے تقریبا اسی نوعیت کا خرچہ کیا جائے گا ۔ خیبر پختونخوا میں صوبائی اسمبلی کے 115حلقے ہیں جن حلقوں میں پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی منتخب ہوئے ہیں وہ یہ خرچہ برداشت کریں گے جبکہ جن حلقوں میں پی ٹی آئی کا ایم پی اے نہیں ہے وہاں پارٹی تنظیم خرچہ کرے گی۔ اگر ہر حلقے میں 15لاکھ روپے کا خرچہ ہو تو 26نومبر کو شرکت کیلئے جانے پر پارٹی کا 17کروڑ25لاکھ روپے کا خرچہ ہوگا تاہم پارٹی کے دھرنے کے فیصلے کے بعد دیگر اخراجات کا جائزہ لیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریب فائرنگ