مردان خاتون کی موت

مردان،خاتون کی پراسرارموت کاڈراپ سین،شوہراور بھائی گرفتار

ویب ڈیسک : مردان گلی باغ میں خاتون کی پراسرار موت کے بعد قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم کے بعد حقائق منظر عام پر آئے ہیں۔ واقعہ غیرت کے نام پر پیش آیا مقتولہ کے شوہر اور بھائی کو گرفتار کرلیا گیا ۔ پولیس کے مطابق تھانہ ہوتی کی حدود گلی باغ میں پولیس کو ایک خاتون کی اچانک اور مشکوک موت کی اطلاعات موصول ہوئیں جس پر پولیس کی خصوصی ٹیم نے پیشہ وارانہ حکمت عملی کے ذریعہ واقعہ کی تفتیش کی اور عدالتی حکم پر جاں بحق خاتون کے پوسٹ مارٹم کیلئے قبر کشائی کروائی۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق خاتون کی موت تشدد کی وجہ سے واقع ہوئی تھی ۔
ہوتی پولیس ٹیم نے تفتیش کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے مقتولہ مسماة ( ن) کے شوہر نادر سکنہ گلی باغ کو شامل تفتیش کیا ۔ ملزم نادر نے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ اس نے مقتولہ کے بھائی منیر سکنہ سوات حال گلی باغ کے ساتھ مل کر اپنی بیوی کو غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر گلے میں پھندا ڈال کر قتل کیا ہے ۔ گرفتار ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  جنوبی وزیرستان میں گھریلو تنازعہ پر پولیس اہلکار قتل