اسلام آباد میں بائیک سروس مقبول

راولپنڈی اسلام آباد میں کار اورٹیکسی کی جگہ بائیک سروس مقبول

ویب ڈیسک :ایندھن کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے اور کمر توڑ مہنگائی کے نتیجے میں اسلام آباد اور راولپنڈی میں لوگوں نے روزمرہ کے سفر کے لیے کاروں اور ٹیکسیوں کے بجائے بائیکیااوران ڈرائیو جیسی آن لائن بائیک سروسز پر انحصار کرنا شروع کر دیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بائیکیا ایک ٹرانسپورٹ کمپنی ہے جو صارفین کو آن لائن بکنگ کی مدد سے بائیک کے ذریعے سفر کی سہولت فراہم کرتی ہے، جڑواں شہروں میں یہ سواری کے سب سے مقبول پلیٹ فارم میں سے ایک بن گیا ہے۔
جڑواں شہروں میں میٹرو اسٹیشنز، تجارتی مراکز اور بڑے چوراہوں کے باہر سبز رنگ کے بائیکا ہیلمٹ پہنے رائیڈرز کھڑے نظر آتے ہیں جن کی وجہ سے ٹیکسیوں کے کاروبار میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔کچھ ٹیکسی ڈرائیور موٹر سائیکلوں کی اس بھرمار سے ناخوش بھی ہیں، ایک ٹیکسی ڈرائیور نے کہا کہ لوگ ٹیکسی کی بجائے بائیک کو ترجیح دیتے ہیں کیونکہ اس کی قیمت کم ہے، آن لائن بائیک سروسز متعارف ہونے سے قبل ہم اپنے خاندان کے اخراجات پورے کرنے کے لیے روزانہ اچھی خاصی رقم کما لیتے تھے لیکن اب مسافر مشکل سے ملتے ہیں۔
کچھ لوگ اپنے آفس، یونیورسٹیوں اور اسکولوں تک جانے کے لیے ان بائیک سروسز کو ماہانہ بنیادوں پر استعمال کرتے ہیں، خواتین بھی منزل تک پہنچنے کے لیے یہ سروسز استعمال کرنے لگی ہیں جو کہ ایک نسبتاً نیا رجحان ہے۔

مزید پڑھیں:  پشاور میں فریقین کے مابین فائرنگ ،دو افراد جاں بحق ہوگئے