پنجاب سے آٹاسپلائی شروع،10کلوکے3لاکھ تھیلے روزانہ ملیں گے

ویب ڈیسک:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے رواں سال گندم کی بھرپور فصل ہونے پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ گندم کی بھرپور فصل کا فائدہ کسانوں تک پہنچانے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہونگے۔وزیراعظم نے خیبر پختونخوا میں گندم اور آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو کے پی میں آٹے اور گندم کی قیمت کنٹرول کرنے کرنے کے لئے اقدامات کی ہدایت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب سے خیبر پختونخوا کو 10 کلو کے تین لاکھ آٹے کے تھیلے روزانہ مہیا کئے جا رہے ہیں
جس پر وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو پنجاب سے خیبر پختونخوا کو آٹے کی فراہمی بڑھانے کی ہدایت کی۔وزیرِ اعظم نے اس حوالے سے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے چیف سیکرٹریز کو مل کر لائحہ عمل تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ گندم کی ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے اجلاس کو بتایا کہ خیبر پختونخوا کو پاسکو کی جانب سے 80 ہزار ٹن گندم کی ترسیل کا کام جاری ہے۔اجلاس میں وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی، مشیر وزیرِ اعظم انجینئر امیر مقام ، نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی ،وفاقی سیکرٹری قومی غذائی تحفظ و تحقیق،چیف سیکرٹریز پنجاب ، خیبر پختونخوا اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
دوسری طرف سیکرٹری فوڈ پنجاب محمد زمان وٹو نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے لیے پنجاب سے آٹے کی سپلائی شروع کر دی گئی ہے۔سیکرٹری فوڈ پنجاب کا کہنا تھا کہ صوبہ خیبر پختونخوا کو روزانہ آٹے کے 10 کلو والے 3 لاکھ تھیلے فراہم کیے جائیں گے،خیبر پختونخوا کے پرائیویٹ ڈیلرز فلور ملوں سے آٹا اٹھائیں گے۔محمد زمان وٹو کا کہنا تھا کہ آٹا پرمٹوں کے ذریعے فراہم کیا جائے گا، پنجاب اپنے پختون بھائیوں کے لیے اپنی ضروریات کے باوجود آٹا فراہم کرے گا۔

مزید پڑھیں:  پارلیمان کا قانون سازی کا اختیار آئینی حدود کے تابع ہے،سپریم کورٹ