کم سن بچی کو پھانسی

تہکال ،خاتون نے کم سن نند کو پھانسی دیکر نعش نہر میں پھینک دی

ویب ڈیسک: پشاور کے علاقے تہکال میں خاتون سمیت تین ملزمان نے درندگی کی مثال قائم کرتے ہوئے گھریلو ناچاقی پر کم سن بچی کو مبینہ طور پر پھانسی دیکر نعش نہر میں پھینک دی ، بچی ملزمہ کی نند ہے جبکہ پولیس نے خاتون اور رکشہ ڈرائیور سمیت تین ملزمان کوچند گھنٹوں کے اندر گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گزشتہ رو ز تہکال کے علاقے پلوسئی نہر سے بچی کی نعش برآمد کی گئی جس کی شناخت علیشبا دختر ہدایت اللہ ساکن پلوسئی کے نام سے ہوئی۔ مقتولہ بچی کے والد ہدایت اللہ نے پولیس کو بیٹی کے قتل کی رپورٹ درج کرائی جس پر ایس پی کینٹ وقاص رفیق نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے دوتھانوں تہکال اور ٹائون کے ایس ایچ اوزپرمشتمل ٹیم تشکیل دی جنہوں نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ مسماة سدرہ زوجہ صدام اختر ، اس کے بھائی فرہان اور رکشہ ڈرائیور یاسین کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گھریلو وجوہات کی بناء پرملزم بہن بھائی نے مبینہ طور پر بچی کو پھانسی دی اور بعد میں نعش نہر میں پھینک دی تھی تاکہ کسی کو ان پر شبہ نہ ہو۔ پولیس نے ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے ۔

مزید پڑھیں:  مخصوص نشستیں: الیکشن کمیشن نے دوبارہ سپریم کورٹ جانے کافیصلہ کرلیا