آئی ٹی کے شعبے کو ترقی کیلئے ایس ایم ای کا درجہ دینے کا اعلان

ویب ڈیسک : وفاقی حکومت نے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے شعبے کو وسعت دینے کیلئے اسے اسمال اینڈ میڈیم سائزڈ انٹرپرائزز ( ایس ایم ای)کا درجہ دینے کا اعلان کر دیا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے مالی سال 24-2023 کا بجٹ پیش کرتے ہوئے اعلان کیا کہ آئی ٹی کے کاروبار کو ایس ایم ای کا درجہ دینے سے مذکورہ شعبہ جات کے کاروباری حضرات کو ٹیکس کی مد میں فائدہ ہوگا اور انہیں کاروبار کرنے میں آسانیاں ہونگی۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ آئی ٹی برآمدات بڑھانے کیلئے 0.25 فیصد کی رعایتی شرح لاگو ہے اور مذکورہ سہولت جون 2026 ء تک جاری رکھی جائیگی۔ انہوں نے بتایا کہ آئی ٹی کے کاروبار کی مانیٹرنگ کیلئے وینچر کپیٹل کی بہت اہمیت ہے
اسلئے حکومتی وسائل سے مذکورہ نظام کے قیام کیلئے بجٹ میں 5 ارب روپے رکھے جا رہے ہیں۔ وزیر خزانہ نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے کاروبار کو مزید وسعت دینے کے حکومتی عزم کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ آئی ٹی کے شعبے میں قرضوں کی فراہمی کیلئے بینکوں کو20 فیصد رعایتی ٹیکس کا استفادہ بھی ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ آئی ٹی اینڈ آئی ٹی ان ایبل سروسز فرمز اپنی برآمدات کے ایک فیصد کے برابر مالیت کے ہارڈ ویئر اور سافٹ ویئر بغیر ٹیکس کے درآمد کر سکیں گے، ان درآمدات کی حد 50 ہزار ڈالر سالانہ مقرر کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی ٹی سروسز اور آئی ٹی برآمد کنندگان کیلئے آٹومیٹڈ ایگزیمشن سرٹیفکیٹ جاری کرنے کو یقینی بنایا جائیگا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اگلے مالی سال میں ملک بھر میں 50 ہزار آئی ٹی گریجویٹس کو پیشہ ورانہ تربیت بھی دی جائیگی۔

مزید پڑھیں:  غزہ کیلئے سرحدی کراسنگ کو کھولنا ہو گا، امدادی ٹرک تیار کھڑے ہیں، جان کربی