تاریخ رقم، پہلا روسی خام تیل بردار جہاز کراچی پہنچ گیا

ویب ڈیسک: پاکستان نے تاریخ رقم کردی۔ پہلا روسی خام تیل بردار جہاز کراچی کی بندرگاہ پہنچ گیا۔ شپنگ ذرائع کے مطابق خام تیل لے کر روسی جہاز پیور پوائنٹ کراچی بندرگاہ پہنچ گیا، 183 میٹر لمبے روسی جہاز پیور پوائنٹ میں 45 ہزار میٹرک ٹن تیل لدا ہے۔ سمندری طوفان سے قبل جہاز کراچی پہنچنے میں کامیاب ہوگیا۔ شپنگ ذرائع نے بتایا ہے کہ روسی خام تیل کا جہاز کراچی پورٹ کی آئل پیئر 2 پر تیل ترسیل کرے گا اور جہاز کو آج ہی کراچی پورٹ کی برتھ پر لگا دیا جائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے روس سے تیل کے پہلے جہاز کی کراچی آمد کو دونوں ملکوں کے درمیان تعقات کی نئی شروعات قرار دے دیا۔
وزیراعظم نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ آج تبدیلی کا دن ہے، قوم کے ساتھ اپنے وعدوں میں سے ایک اور وعدہ ہم نے پورا کر دیا، خوشی کے ساتھ اعلان کر رہا ہوں کہ روس سے رعایتی قیمت پر خام تیل سے بھرا بحری جہاز کراچی پہنچ گیا ہے اور آج سے تیل کی ترسیل شروع ہوجائے گی۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں روس سے آنے والا تیل کا یہ پہلا جہاز ہے جو روسی فیڈریشن اور پاکستان کے درمیان نئے تعلقات کی شروعات ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم ملک کی خوشحالی، معاشی ترقی، انرجی سکیورٹی اور مناسب داموں پر توانائی کی فراہمی کے لئے مناسب وقت پر مناسب قدم اٹھا رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا میں ان تمام لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو اس قومی کاوش اور روس سے پاکستان تیل لانے کے وعدے کو عملی تعبیر دینے کا حصہ رہے ہیں۔

مزید پڑھیں:  ماتحت عدلیہ میں ججز تعیناتی کیلئے حکومت کو 3ہفتے کی مہلت