آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنے کیلئے ہم الٹے سیدھے ہوگئے، شہباز شریف

ویب ڈیسک:وزیر اعظم شہباز شریف نے واضح کیا ہے کہ پارٹی میں جو لوگ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی ٹانگیں کھینچتے ہیں، انھیں پارٹی میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔ شہباز شریف مسلم لیگ ن کے جنرل کونسل اجلاس سے خطاب کررہے تھے جس میں انہیں پارٹی صدر منتخب کیا گیا ۔اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ وہ جنرل کونسل کا اجلاس مخر کرتے رہے تاکہ نواز شریف خود اس میں شرکت کر سکیں لیکن ناگزیر وجوہات کی بدولت ایسا نہ ہوسکا کیونکہ الیکشن کمیشن کی تلوار لٹک رہی تھی لہذا آج یہ انتخاب کرایا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جس دن نواز شریف آئیں گے یہ امانت ہم انہیں واپس کر دیں گے۔ شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنے کے لئے ہم الٹے سیدھے ہوگئے۔ قلیل مدتی تقاضا تھا کہ آئی ایم ایف سے معاہدے کر کے ملک کو ترقی کے راستے پر لے جائیں۔ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی مگر ہم نے ہمت نہیں ہاری۔ شدید مالی مشکلات کے باوجود تنخواہوں و پنشنز میں اضافہ کیا گیا۔ آئی ایم ایف سے آج بھی ہمارے سینگھ پھنسے ہوئے ہیں
دعا کریں ہم اس سے نکل جائیں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ نواز شریف آئیں اور اگلا الیکشن لڑ کر چوتھی بار وزیر اعظم بنیں۔ پارٹی کے جو لوگ اسحاق ڈار کی ٹانگیں کھینچ رہے ہیں انہیں پارٹی میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔ اسحاق ڈار نے ملک کی خاطر اپنی صحت خراب کر لی۔

مزید پڑھیں:  بجلی پیدا کرنے کے باوحود مالاکنڈ کے عوام اس سہولت سے محروم ہیں، سلیم الرحمان