اسحاق ڈار آپے سے باہر

آئی ایم ایف سے متعلق سوال پوچھنے پر اسحاق ڈار آپے سے باہر

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار آئی ایم ایف معاہدے میں ناکامی سے متعلق سوال پر غصہ ہو گئے اور کہا کہ ناکامی کی وجہ تم جیسے کچھ لوگ سسٹم میں ہیں۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے سیلاب متاثرین کے فنڈز سے متعلق پیپلز پارٹی رہنمائوں سے چار گھنٹے تک مذاکرات کئے، پھر قومی اسمبلی اجلاس میں ساری صورتحال کو پیش کیا۔ تاہم اسمبلی اجلاس کے بعد جب اسحاق ڈار اپنی گاڑی میں جانے کیلئے پارکنگ کی طرف جارہے تھے تو صحافی نے ان سے جاتے ہوئے پیچھے سے آواز دے کر آئی ایم ایف معاہدے سے متعلق سوال کیا۔ جو کہ فوٹیج میں بھی دیکھا جاسکتا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیر خزانہ آئی ایم ایف معاہدہ کی ناکامی سے متعلق سوال پر غصے میں آگئے۔
صحافی نے سوال کیا کہ آئی ایم ایف پیکج ہورہا ہے، ناکامی کیوں ہورہی ہے؟ جس پر اسحاق ڈار نے پہلے تو جواب دیا کہ اس پر اندر بڑی بات کر کے آیا ہوں، صحافی کے آئی ایم ایف معاہدہ میں ناکامی سے متعلق دوبارہ سوال دہرانے پر اسحاق ڈار آپے سے باہر ہو گئے اور کہا کہ تم جیسے کچھ لوگ سسٹم میں ہیں، جس پر صحافی نے کہا کہ ہم تو سسٹم کا حصہ نہیں ہیں، ہم تو صرف سوال کرتے ہیں۔ وزیرخزانہ واپس آئے اور صحافی کے موبائل کے سامنے آکر کہا کہ کیا چاہتے ہو یار؟ کچھ خدا کا خوف کریں؟ نجی ٹی وی کے مطابق صحافی شاہد قریشی نے الزام عائد کیا کہ آئی ایم ایف سے متعلق سوال پوچھنے پر اسحاق ڈار نے تھپڑ مارا، اور سکیورٹی اہلکاروں سے کہا کہ اس سے موبائل لے کر پھینک دو۔

مزید پڑھیں:  ہری پور میں تجاوزات اور ناقص صفائی کے خلاف کریک ڈاون، بیکریاں سیل