عیدالاضحی صفائی پلان

عیدالاضحی صفائی پلان، پشاور میں 3 ہزار 259 اہلکار ڈیوٹی پر مامور رہیں گے

ویب ڈیسک: واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) نے عیدالاضحی پر صفائی یقینی بنانے کیلئے آپریشنل پلان کو حتمی شکل دے دی، صفائی آپریشن میں 3 ہزار 259 اہلکار حصہ لیں گے، 683 گاڑیوں میں آلائشیں اٹھائی جائیں گی، مینجمنٹ سٹاف بھی ڈیوٹی پر موجود رہے گا، سی ای او ڈاکٹر حسن ناصر کی صدارت میں ہونیوالے اجلاس، جس میں جنرل منیجر آپریشن انجینئر تراب شاہ، زونل منیجرز، سالیڈ ویسٹ منیجرز اور دیگر حکام نے شرکت کی، میں عید آپریشن پلان کا جائزہ لیا گیا اور تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے زونل دفاتر کو ذمہ داریاں سونپ دی گئیں۔ پلان کے مطابق آلائشیں محفوظ طریقے سے تلف کرنے کیلئے ڈمپنگ سائٹ میں دو سو فٹ لمبا اور 90 فٹ گہرا گڑھا کھودا گیا ہے، شہر کی سڑکوں اور ڈمپنگ سائٹ جانیوالی سڑک پر عملہ پٹرولنگ کرتا رہے گا۔
مجموعی اہلکاروں میں ڈبلیو ایس ایس پی کے 2 ہزار897 اور 362 آئوٹ سورس سٹاف آپریشن میں حصہ لے گا جن میں 1827 سنیٹری ورکرز، 756 کٹھہ قلی اور 168 ہیلپرز، 383 ڈرائیورز شامل ہیں جنکی نگرانی 82 پروائزرز، 64 میونسپل انسپکٹرز کریں گے۔پرائمری آپریشن 324، سیکنڈری آپریشن 359 گاڑیوں کے ذریعے چلایا جائیگا، مجموعی گاڑیوں میں ڈبلیو ایس ایس پی کی 354 گاڑیاں شامل ہیں جبکہ 329 گاڑیاں کرایہ پر حاصل کی گئی ہیں، ڈبلیو ایس ایس پی فلیٹ میں 157 سوزوکی، 39 منی ڈمپرز، 41 بائیک لوڈرز، 6 چھوٹے ٹریکٹرز، 21 بڑے ٹریکٹرز، 42 کمپیکٹرز، 9 شاولز، 37 ملٹی لوڈر آرم رول جبکہ آئوٹ سورس فلیٹ میں 52 شاولز، 106 ڈمپرز، تین سو کیوبک فٹ 106 ٹریکٹرز ٹرالی، 12 ایکسکیویٹرز شامل ہیں۔
گلی محلوں سے آلائشیں جمع کرنے کیلئے 25 کلیکشن پوائنٹس اور ٹرانسفر سٹیشن قائم کئے گئے ہیں جن میں فن لینڈ، رنگ روڈ، ناردرن بائی پاس، صابرینہ گلبہار، رامداس چوک، سائنس کالج چوک، گلشن رحمن کالونی، بہادر کلے، ڈھیری باغبانان، بادشاہی روڈ، گلبرگ روڈ، آقا بابا روڈ، دانش آباد ٹینکی، تاج آباد قبرستان، آبدرہ روڈ، ناصر باغ، ملکانہ، چلمارو روڈ، ورسک روڈ، عثمانیہ ٹائون، سائنس کالج اور پھندو روڈ شامل ہیں۔

مزید پڑھیں:  پشاور : ارباب نیاز سٹیڈیم تعمیراتی کام مکمل نہ ہونے کے باعث چارہ گاہ میں تبدیل