پی ٹی آئی سیکرٹریٹ بند

پشاور میں پی ٹی آئی کا سیکرٹریٹ بند، جھنڈا اتار دیا گیا

ویب ڈیسک: پشاور پولیس نے پی ٹی آئی کے صوبائی سیکرٹریٹ کو بند کردیا جبکہ سیکرٹریٹ پر لگا پی ٹی آئی کا پرچم بھی اتار کر لے گئی۔ پشاور میں سابق رکن اسمبلی ارباب جہانداد کے حجرے میں قائم پی ٹی آئی کے صوبائی سیکرٹریٹ پر پولیس نے گزشتہ روز چھاپہ مارا۔ پی ٹی آئی کے مطابق چھاپے کے دوران پولیس کی جانب سے سیکرٹریٹ پر لگا پی ٹی آئی کا جھنڈا اتار دیا گیا اور سیکرٹریٹ کو بند کر دیا گیا جبکہ سیکرٹریٹ سے اتارے گئے جھنڈے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل عمر ایوب نے ٹوئٹ کرتے ہوئے وضاحت کی کہ جھنڈ ا رباب جہانداد کی جانب سے نہیں اتارا گیا بلکہ جھنڈا لگائو مہم سے پولیس خوف زدہ ہوگئی اور سیکرٹریٹ سے جھنڈا اتار دیا گیا ہے۔ ارباب جہانداد مسلسل رابطے میں ہیں اور اس سیکرٹریٹ پر پی ٹی آئی کا ہی جھنڈا لہرائے گا۔ پولیس ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی سیکرٹریٹ پر چھاپہ 9 مئی واقعات کے تناظر میں مارا گیا تھا۔

مزید پڑھیں:  افغانستان بدامنی کے خاتمے کیلئے پاکستان سے تعاون پر تیار