بجلی 1.90 روپے فی یونٹ مہنگی

ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ، بجلی 1.90 روپے فی یونٹ مہنگی

ویب ڈیسک: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی ( نیپرا ) نے ماہ مئی کی ماہانہ فیول ایڈ جسٹمنٹ کی مد میں بجلی ایک روپے 90 پیسے فی یونٹ تک مہنگی کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ ڈسکوز اور کے الیکٹرک کی درخواست پر مئی 2023 کے لئے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز میں اضافہ کے حوالے سے علیحدہ علیحدہ عوامی سماعت چیئرمین نیپرا توصیف فاروقی کی سربراہی میں ہوئی۔
سماعت کے موقع پر نیپرا کی تکنیکی ٹیم کے رکن انجینئر رفیق احمد شیخ، لائسنسنگ ٹیم کے رکن انجینئر مقصود انور خان، تکنیکی اور فنانس ٹیم کے رکن مظہر ریاض رانا اور قانونی ٹیم کی رکن امینہ احمد بھی موجود تھیں۔ اس موقع پر مختلف ٹیرف ڈسٹری بیوشن ڈسکوز، سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی، این ٹی ڈی سی / این پی سی سی کے نمائندے، کاروباری برادری، صحافی اور عوام بھی موجود تھے۔ کے الیکٹرک نے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 1.495 روپے فی یونٹ جبکہ ڈسکوز نے 1.90 روپے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی۔ سماعت کے بعد نیپرا نے ڈسکوز کے لئے 1.90روپے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی ہے۔
جس کی بدولت عوام سے جولائی کے ماہ میں 22.6 ارب روپے اضافی وصول کئے جا سکیں گے۔ اسی طرح کے الیکٹرک کی درخواست پر بھی 1.45 فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی گئی جس کی بدولت کمپنی کراچی کے عوام سے اضافی 2.6 ارب روپے وصول کر سکے گی۔ نیپرا کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جلد جاری کر دیا جائے گا۔ اس طرح بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں عوام سے مجموعی طور پر 25 ارب روپے سے زائد محض فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں وصول کریں گی۔

مزید پڑھیں:  رسالپور میں فائرنگ کا تبادلہ : پولیس اہلکار زخمی ،رہزن ہلاک