پرویز خٹک کی بنیادی رکنیت ختم ،پی ٹی آئی سے فارغ

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف نے سابق وزیر اعلیٰ اور سابق صوبائی صدر پرویز خٹک کی بنیادی رکنیت ختم کرتے ہوئے انہیں پارٹی سے فارغ کردیا ہے ۔پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل عمر ایوب کی جانب سے پرویز خٹک کو ارسال خط میں کہا گیا ہے کہ 21جون کو ایک اظہاروجوہ کا نوٹس جاری کیا گیا تھا اور 7روز میں جواب طلب کیا گیا تھا تاہم پرویز خٹک نے مقررہ وقت کے اندر جواب جمع نہیں کرایا جس کے بعد پارٹی نے کارروائی کرتے ہوئے پرویز خٹک کی بنیادی پارٹی رکنیت ختم کردی ہے
پرویز خٹک سے 21جون کو جاری نوٹس میں پوچھا گیا تھا کہ ان پر پارٹی ممبران کو پارٹی چھوڑنے کیلئے اکسانے کا الزام ہے تاہم پرویز خٹک نے اس حوالے سے جواب دینے سے انکار کردیا تھا ۔پرویز خٹک 2012ء میں پی ٹی آئی میں شامل ہوئے تھے جس کے بعد 2013ء کے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کی صوبائی مخلوط حکومت میں وہ 5سال تک وزیر اعلیٰ رہے۔ 2018ء کے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کی مرکز میں کامیابی کے بعد وہ ساڑھے تین سال تک وزیر دفاع رہے، 2021ء دسمبر میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ ہارنے کے بعد پرویز خٹک کو پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے صوبائی صدر مقرر کیا تھا۔
9مئی کے واقعات کے بعد پرویز خٹک کئی ہفتے خاموش رہے، یکم جون کو پرویز خٹک نے پارٹی عہدہ سے استعفیٰ دیدیا تھا ۔پرویز خٹک اس سے قبل پیپلز پارٹی شیر پائو اور پیپلز پارٹی میں رہے ہیں ۔

مزید پڑھیں:  پاکستان میں کسی کو کارروائی کی اجازت نہیں دیں گے ،افغانستان