عیدالاضحی پر کارکردگی

عیدالاضحی پر بہترین کارکردگی، عملہ صفائی میں انعامات تقسیم

ویب ڈیسک: عیدالاضحی کے موقع پر ڈبلیو ایس ایس پی کے اہلکاروں اور افسران نے شہر کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے اپنی عید قربان کر دی اور مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کر کے شہر کو صاف ستھرا رکھا جس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔ ڈبلیو ایس ایس پی کے اہلکاروں کی مزید حوصلہ افزائی کیلئے صوبائی حکومت سے رابطہ کیا جائے گا۔
مستقبل میں بھی ڈبلیو ایس ایس پی سے ایسی ہی کارکردگی کی توقع ہے، ان خیالات کا اظہار کمشنر پشاور ڈویژن محمد زبیر نے کمشنر ہائوس پشاور میں ڈبلیو ایس ایس پی کے اہلکاروں کو تعریفی اسناد اور نقد انعامات دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ کمشنر پشاور ڈویژن کا کہنا تھا کہ عیدالاضحی کے موقع پر ڈبلیو ایس ایس پی کی جانب سے صفائی کے مثالی انتظامات کئے گئے تھے جس کو نہ صرف حکومتی سطح پر بلکہ عوامی سطح پر بھی زبردست پذیرائی حاصل ہوئی اس مثالی کارکردگی کے تناظر میں انہوں نے ڈبلیو ایس ایس پی کے خاکروبوں، کٹھہ قلیوں، ڈرائیوروں اور میونسپل انسپکٹرز کو تعریفی اسناد اور نقد انعامات دینے کا فیصلہ کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈبلیو ایس ایس پی کے قائم مقام چیف ایگزیکٹو ضمیر الحسن نے کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر ڈبلیو ایس ایس پی کے اہلکاروں نے تین دنوں میں 11 ہزار ٹن جانوروں کی آلائشوں اور باقیات کو اٹھا کر ٹھکانے لگایا جبکہ اس کے ساتھ ساتھ اسپرے اور دیگر انتظامات بھی کئے گئے تھے انہوں نے اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کرنے پر کمشنر پشاور ڈویژن محمد زبیر کا شکریہ ادا کیا۔

مزید پڑھیں:  ووٹ کے سامنے فارم 45کی کوئی اہمیت نہیں، چیف جسٹس