پشاور میں شدید حبس اور گرمی، شہریوں کا برا حال

ویب ڈیسک:خیبرپختونخواکے گرم مرطوب اضلاع بشمول پشاورمیں ہوا میں نمی کا تناسب بڑھنے کی وجہ سے حبس میں اضافہ ہوگیاہے تیز دھوپ کے ساتھ شدید گرمی نے لوگوں کے اوسان خطا کردئیے اور بجلی کا ترسیلی نظام بھی ٹرپ کرگیا اور بیشتر علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ عروج پر پہنچ گئی گذشتہ روز صبح سے ہی حبس کا عالم تھا تاہم دوپہرکے بعد گھروں اوردفاترپر ائیر کنڈیشن اور روم کولرز نے بھی کام چھوڑ دیاشہری علاقوں میں بازار سنسنان نظر آئے اور دوپہر کے وقت کاروبار نہیں ہوا جبکہ جی ٹی روڈ اور دوسری سڑکیں بھی ٹریفک سے خالی ہوگئیں
شدید حبس کے نتیجے میں رہائشی علاقوں کے ساتھ ساتھ ہسپتالوں میں بھی صورتحال قابوسے باہر ہوگئی اور مریض اور تیماردار گرمی سے بے حال ہوگئے سنٹرل جیل پشاور میں بھی گرمی اورحبس نے قیدیوں کی مشکلات میںاضافہ کیا
پشاور کے چڑیا گھر میں بھی شدید گرمی اور حبس کے باعث درجنوں جانوربے حال ہو گئے دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آج سے مختلف اضلاع بشمول پشاور میں بارش کا امکان ظاہر کیاہے پشاور کے علاوہ دوسرے اضلاع میں بھی ہوا میں نمی کا تناسب بڑھنے سے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے گذشتہ روز پشاورمیں درجہ حرارت39سینٹی گریڈ اور ہوا میں نمی کا تناسب72فیصد ریکارڈکیاگیاہے ہوا میں سب سے زیادہ نمی ایبٹ آبادمیں84اورمالم جبہ سوات میں82فیصد ریکارڈ کی گئی
جس کی وجہ سے لوگ گھروں تک محدود رہے بنوں اور ڈی آئی خان میں بھی درجہ حرارت40سینٹی گریڈ ریکارڈکیاگیاہے اور ہوا میں نمی کا تناسب70فیصد سے زائد رہا محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کے روز صوبہ کے بیشتر اضلا ع میں موسم گرم اور مرطوب رہا ہے تاہم دیر، سوات، مالاکنڈ،ایبٹ آباد ، بالاکوٹ ،مانسہرہ، کو ہستان ، و زیر ستان اورکرم میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بعض مقامات پر کہیں کہیں بارش کا امکان کا ظاہر کیاگیا تھا آج بدھ کے روزبھی صوبہ کے بیشتر اضلا ع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے تاہم چترال، دیر،سوات، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، کرم، لکی مروت، کوہاٹ، ڈی آئی خان، بنوں، کرک اوروزیرستان میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے اس دوران بالا کوٹ، ما نسہرہ، سوات، کالام، دیر، پشاور، مردان اور صوا بی میں مو سلا دھار بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے بتایا جارہا ہے کہ گذشتہ روز پشاور کے مختلف ہسپتالوں میں گرمی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد معمول سے زیادہ رپورٹ کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  افغانستان میں سیلاب نے تباہی مچادی ،70افراد جاں بحق