باجوڑ خود کش دھماکے

باجوڑ خود کش دھماکے میں جاں بحق ہونیوالوں کی تعداد 46 ہو گئی

باجوڑ خود کش دھماکے کے مزید 3 زخمی دم توڑ گئے جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 46 ہوگئی ہے۔
ویب ڈیسک: ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے باجوڑ خود کش دھماکے کے مزید تین زخمیوں کے دم توڑنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے میں 90 سے زائد زخمی مختلف اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں، 38 میتیں شناخت کے بعد ورثاء اپنے ساتھ لے گئے جب کہ 8 لاشیں ناقابل شناخت ہونے کے باعث اسپتال میں رکھی ہیں۔
ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال کے مطابق لیڈی ریڈنگ اسپتال میں باجوڑ دھماکے کے 16 زخمی زیرعلاج ہیں جن میں سے بیشتر کی حالت تسلی بخش ہے اور ایک زخمی آئی سی یو میں ہے۔
دوسری جانب ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نذیر خان کا کہنا ہے کہ باجوڑ دھماکے کے بعد تین مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
آئی جی پی خیبرپختونخوا اختر حیات خان نے کہا کہ ورکرز کنونشن میں خودکش دھماکے والی جگہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں جو ڈی این اے کے لیے بھجوا دیے ہیں، جائے وقوعہ کی جیو فینسنگ بھی کی گئی ہے۔
آئی جی خیبرپختونخوا نے کہا کہ بم ڈسپوزل یونٹ نے دھماکے کی جگہ سے نمونے حاصل کر لیے، دھماکے والی جگہ اور اطراف سے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی ہیں جس کی چھان بین کا عمل جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انسداد دہشتگردی ٹیم واقعہ کی جگہ پر تحقیقات میں مصروف ہے، واقعے میں ملوث تنظیم اور خودکش حملہ آور کی نشاندہی کر رہے ہیں، امید ہے جلد تحقیقات میں پیش رفت ہوسکیں گی۔

مزید پڑھیں:  وفاق سے حقوق لینا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے ،ظاہر شاہ طورو