سی پیک 25 ارب ڈالر

سی پیک کے تحت 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی، شہباز شریف

پاکستان کے تین روزہ دورے پر موجود چین کے نائب وزیراعظم ہی لیفنگ وزیراعظم ہاؤس پہنچے تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ چینی نائب وزیراعظم سی پیک کی دس سالہ تقریبات کے تحت کنونشن سنٹر میں منعقدہ تقریب میں شرکت کریں گے۔
اسلام آباد: چین کے صدرشی جن پنگ کے خصوصی نمائندے اورنائب وزیراعظم ہی لیفینگ 3 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔ وفاقی وزراء احسن اقبال اور رانا ثنا اللہ نے ان کا استقبال کیا۔ چینی وفد میں نائب وزیراعظم کے ہمراہ 4 وزرا شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق چینی نائب وزیراعظم سی پیک کے 10 سال مکمل ہونے پر ہونے والی تقریب میں شرکت کریں گے۔
تقریب میں سی پیک منصوبوں پر کام کرنے والی چینی کمپنیوں کو ایوارڈ سے بھی نوازا جائیگا۔ پاکستان اور چین کے مابین مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سی پیک کے 10 سال مکمل ہونے پر میں چین کے نائب وزیراعظم کی پاکستان آمد پر شکر گزار ہوں۔ 10 سال قبل سی پیک منصوبوں پر کام کا آغاز ہوا تھا، سی پیک کے تحت 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کی بدولت آج ہم کہہ سکتے ہیں کہ پاکستان میں شعبہ توانائی، روڈ، انفراسٹرکچر، پبلک ٹرانسپورٹ اور ہائیڈل پاور سیکٹر میں 25 ارب ڈالرز سے زیادہ کی سرمایہ کاری آئی، کوئی شک نہیں کہ ہم سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں، آج ہم نے کچھ اہم دستاویزات پر دستخط کئے ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون میں مزید اضافے کا سبب بنیں گے۔
اس موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی کے علاوہ چینی وفد کے ارکان بھی موجود تھے۔
پاکستان کے تین روزہ دورے پر موجود چین کے نائب وزیراعظم ہی لیفنگ وزیراعظم ہاؤس پہنچے تو وزیراعظم شہباز شریف نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔ چینی نائب وزیراعظم آج سی پیک کی دس سالہ تقریبات کے تحت کنونشن سنٹر میں منعقدہ تقریب میں بھی شرکت کریں گے، جس دوران سی پیک منصوبوں پر کام کرنے والی چینی کمپنیوں کو ایوارڈ دئیے جائیں گے۔
بعد ازاں چینی وفد اور پاکستانی حکام کے درمیان وفود کی سطح کی ملاقاتیں ہوئیں۔ جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب ہوئی۔ قبل ازیں اپنے ٹوئٹ میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین کے نائب وزیراعظم اور وفد کی پاکستان آمد پر گرمجوشی سے استقبال کرنے پر خوشی ہوئی۔
وزیراعظم کا اپنے ٹویٹ میں کہنا تھا کہ ہی لیفنگ اور ان کا وفد سی پیک کی 10ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کرے گا، چین کا اعلیٰ سطح کا وفد گیم چینجر منصوبے کے تحت ہونے والی پیشرفت کا بھی مشاہدہ کرے گا۔

مزید پڑھیں:  احتجاجی تحریک:پی ٹی آئی کا مولانا فضل الرحمان سے رابطے کا فیصلہ