مہمند ڈیم سے پشاور کو پانی

مہمند ڈیم سے پشاور کو پانی کی فراہمی پر 164 ارب خرچ ہوںگے

ویب ڈیسک: مہمند ڈیم سے پشاور کو صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے پر 164 ارب 21 کروڑ روپے سے زائد کا خرچ آئے گا جس کیلئے صوبائی حکومت نے امدادی اداروں سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی پشاور کی جانب سے مرتب کئے گئے مجوزہ منصوبے کے تحت مہمند ڈیم سے پانی کی فراہمی پر 164 ارب 21 کروڑ روپے خرچ ہونگے۔ اس منصوبے میں 126 ارب 68 کروڑ 82 لاکھ روپے سول ورک، مکینیکل ورک اور الیکٹرکل ورک پر خرچ ہونگے۔ اسی طرح ڈیزائن کی تیاری پر 37 کروڑ روپے، کنسلٹنٹ کیلئے ایک ارب 53 لاکھ، پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کیلئے ایک ارب 61 کروڑ 33 لاکھ ،اراضی کی خریداری کیلئے 16 ارب 39 کروڑ 10 لاکھ روپے درکار ہونگے۔
منصوبے کی تکمیل کے بعد اس کی دیکھ بھال کیلئے سالانہ 56 کروڑ 70 لاکھ روپے درکار ہونگے۔ مہمند ڈیم پشاور سے 34 کلومیٹر دور دریائے سوات پر تعمیر کیا گیا ہے جو منڈا ہیڈ ورکس سے 5 کلومیٹر اونچائی پر ہے۔ اس ڈیم سے 740 میگاواٹ بجلی پیدا کی جائے گی جبکہ 15 ہزار ایکڑ اراضی بھی زیر کاشت آجائے گی۔ اسی طرح سالانہ 30 کروڑ گیلن پانی اس میں آئے گا جو پشاور کے شہریوں کو پینے کیلئے فراہم کیا جاسکتا ہے۔ اس مقصد کیلئے ایک کلومیٹر سرنگ کھودی جائیگی جو ڈیم سے پانی ٹریٹمنٹ پلانٹ میں لائے گی۔ صوبائی حکومت نے اس ضمن میں واپڈا کو فنڈ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ پشاور تک پانی کی فراہمی کیلئے 40 کلومیٹر پانی کی پائپ لائن بچھائی جائیگی جس کے پائپ کا 2900 ملی میٹر ڈائیامیٹر ہوگا۔ سینی ٹیشن سروسز کمپنی پشاور کے مطابق منصوبے کی تفصیلات صوبائی کابینہ میں پیش کی جائینگی اور وہاں سے منظوری کے بعد اس منصوبے کیلئے فنڈز کا بندوبست امدادی اداروں سے کیاجائیگا جو قرض یا گرانٹ کی صورت میں ہوگا۔

مزید پڑھیں:  جلسے کی اجازت کے باوجود کارکنان کی پکڑدھکڑ شرمناک ہے، بیرسٹر سیف