بجلی چوروں کیخلاف آپریشن

بجلی چوروں کیخلاف آپریشن، ارمڑ کا علاقہ میدان جنگ بن گیا

ویب ڈیسک:ارمڑ میں پیسکو کی ٹیم کو بجلی چوروں کیخلاف آپریشن مہنگا پڑگیا۔ مقامی آبادی نے پیسکو اہلکاروں کو یرغمال بنا کر ان پر تشدد کر ڈالا جس کے بعد پولیس نے اہلکاروں کو مقامی لوگوں سے چھڑایا۔ پشاور کے علاقے ارمڑ میں پیسکو کی ٹیم نے گزشتہ روز چوروں کے خلاف آپریشن کیا۔ اس موقع پر اہلیان علاقہ نے پیسکو سروینس ٹیم پر دھاوا بول دیا۔ پیسکو ملازمین پر شہریوں نے تشدد کیا۔ عملے کو گالم گلوچ کے دوران زد و کوب کیا گیا اور ان کے موبائل بھی توڑ دیئے گئے جس کے بعد حالات بے قابو ہونے پر آپریشن روک دیا گیا۔
ایکسین سٹی رورل ڈویژن پیسکو انجینئر اسد علی خان کی نگرانی میں ایس ڈی او رحمان بابا اور پیسکو چھاپہ مار ٹیم کے ہمراہ نشتر آباد، ہشتنگری، سیٹھی ٹاون، چمکنی، اور لالا سب ڈویژن کا بجلی چوری کے خلاف ارمڑ میانہ پر گرینڈ آپریشن کیا۔ آپریشن میں ارمڑ تھانہ پولیس بھی موقع پر موجود تھی تاہم بجلی چوری کی جانب سے شدید مزاحمت کی گئی۔ آپریشن کے دوران مقامی لوگوں نے کنڈہ ہٹائو مہم زبردستی رکوا دی۔ شرپسندوں کی جانب سے پیسکو ملازمین کو شدید گالم گلوچ اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ ایکسین سٹی رورل اسد علی اور ایس ڈی او رحمان بابا اور دیگر سٹاف نے اہل علاقہ کو بجلی مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی۔ شرپسندوں کی جانب سے مسلسل سٹاف کو ہراساں کیا جاتا رہا، جس کے بعد آپریشن روکنا پڑا۔

مزید پڑھیں:  اسرائیلی ظلم وجبر کی انتہا، 7فلسطینی شہید،لاشیں چھت سےپھینکی گئیں