فاٹا سیکرٹریٹ گاڑیاں غائب

فاٹا سیکرٹریٹ سے 3 ہزار گاڑیاں غائب ہونے کا انکشاف

ویب ڈیسک: سابق فاٹا سیکرٹریٹ کی تحلیل کے بعد لگ بھگ تین ہزار گاڑیاں بھی غائب ہونے کا دعویٰ کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے پاس تمام ریکارڈ موجود ہے لیکن محکمانہ طور پر کسی قسم کا ایکشن نہیں لیا جارہا ہے جس کی وجہ سے تین سالوں کے بعد بھی یہ گاڑیاں حوالے نہیں کی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ قبائلی اضلاع کے انضمام کی روشنی میں فاٹا سیکرٹریٹ کی تحلیل کے بعد تمام منصوبہ جات کا دفتری سامان اور گاڑیاں وغیرہ ریکارڈ کے ساتھ صوبائی محکمہ جات کو حوالے کرنے کی منصوبہ بندی تھی لیکن سیکرٹریٹ کی تحلیل کے فیصلے کے بعد بعض سامان اور ریکارڈ متعلقہ محکمہ جات کو منتقل کیا گیا لیکن گاڑیاں واپس نہیں کی گئی اور جو گاڑی جس کے ساتھ تھی اس کو ساتھ لے گیا۔ معتبر ذرائع کے مطابق اس وقت تک ان گاڑیوں کا کوئی سراغ نہیں لگایا جاسکا ہے۔ کچھ عرصہ قبل اس حوالے سے محکمہ ایکسائز کے ساتھ رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن اس کے بعد کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اس ضمن میں کارروائی کیلئے محکمہ ایکسائز سے ریکارڈ حاصل کیا جاسکتا ہے جس سے ان تمام گاڑیوں کا سراغ بھی مل جائے گا۔ اس سلسلے میں سابق فاٹا سیکرٹریٹ کے حکام کے ساتھ رابطہ کیا گیا تو ان کی جانب سے موقف دیا گیا کہ تمام گاڑیاں متعلقہ صوبائی دفاتر کو واپس کرنے کی ہدایت کی گئی تھی جس کے بعد گاڑیوں کی تحویل متعلقہ انتظامیہ کی ذمہ داری تھی جس کو پورا نہیں کیا گیا۔

مزید پڑھیں:  مخصوص نشستوں بارے سپریم کورٹ فیصلہ غیر موثر قرار، الیکشن کمیشن متحرک