پشاور،زہریلی ومضرصحت شراب تیارکرنیوالا نیٹ ورک گرفتار

ویب ڈیسک: فقیرآباد پولیس نے بشیر آبادمیں رات گئے چھاپہ مارکر گھر کے اندرزہریلی ومضر صحت شراب تیار کرنیوالانیٹ ورک گرفتار کرلیا ۔ملزم مختلف اضلاع سے خام مال لاکر گھرکے تہہ خانے میں شراب تیار کرتے تھے اور مختلف برانڈز کے جعلی اسٹیکرز لگا کر طلباء سمیت دیگر طبقوں کو سپلائی کرتے تھے ۔گزشتہ روز تھانہ گلبہار میں پریس کانفرنس کے دوران اے ایس پی فقیرآباد سید طلال احمد شاہ نے بتایا کہ بشیر آبادکے علاقے میں رہائشی مکان میں زہریلی شراب تیار کرنے کی فیکٹری چلائی جارہی تھی ۔
خفیہ اطلاع پرہوکارروائی کے دوران زہریلی شراب، کیمیکل و ایچ ٹی سی گولیوں کے مکروہ دھندے میں ملوث دو ملزم ممریز ولد سرانجام ساکن بشیر آباد اور وسیم ولد نسیم ساکن فقیر کلے کو گرفتار کرلیا ۔ ملزم کرایہ کے مکان میں قائم فیکٹری میں شراب تیار کرنے کے بعد پشاور کے مختلف علاقوں کیساتھ ساتھ دیگر اضلاع کو بھی سپلائی کرتے تھے جبکہ گھرمیں فیملی بھی رہائش پذیر تھی۔فیکٹری سے 800 لیٹر شراب ، 103 بوتلیںشراب اور 20 عدد شراب سے بھرے ٹپکے ، خام مال و دیگر سامان برآمد کیا گیا۔
اے ایس پی نے مزید بتایا کہ شراب کی بوتلوں پر جعلی اسٹیکرزلگا کر اسے فروخت کیاجاتا تھا ۔شراب مختلف طلباء ہاسٹلوں کو بھی سپلائی کی جاتی تھی۔ گرفتار ملزموں نے نیٹ ورک میں شامل دیگر ساتھیوں کے نام بھی اگل دیئے جنہیں جلد گرفتارکیاجائیگا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایاکہ مختلف برانڈزکے جعلی اسٹیکرزبنانے والے پرنٹنگ پریس کے حوالے سے شواہد ملے ہیں جس کیخلاف کارروائی کی جائیگی۔ پشاورمیں آبادی زیادہ ہونے کیوجہ سے ملزموں نے فیکٹری گھر کے تہہ خانے میں کھولی جو موٹرسائیکلوں کے ذریعے پہنچائی جاتی تھی ۔

مزید پڑھیں:  ہری پور میں قتل شدہ نعش برآمد، تفتیش شروع کر دی گئی