ساس کے گھر چوری

حیات آباد، داماد نے بیوی کی مدد سے ساس کے گھر سے کروڑوں کی چوری کرلی

ویب ڈیسک: حیات آباد کے علاقے میں داماد نے بیوی کے ساتھ ملکر ساس کے گھر سے کروڑوں کی چوری کر لی جنہیں پولیس نے گرفتار کر کے ہزاروں ڈالرز، لاکھوں روپے کی نقدی و طلائی زیورات برآمد کر لیے ہیں۔ ملزم ناصر باغ کا رہائشی ہے جبکہ اس کی بیوی و ساس افغانستان سے تعلق رکھتی ہیں۔ گرفتار ملزم سے تھانے جبکہ ملزمہ سے وومن پولیس اسٹیشن میں مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس کے مطابق مسماة (ن) زوجہ محمد عثمان نے تھانہ حیات آباد پولیس کو گھر سے چوری کی رپورٹ درج کرائی تھی جس پر نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ ایس پی کینٹ ڈویژن وقاص رفیق کے مطابق واردات میں ملوث افراد کا کھوج لگانے کیلئے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج سمیت دیگر شواہد پر کام کیا گیا جبکہ گھر والوں کے بیانات بھی قلمبند کئے گئے۔ اس دوران چوری کی واردات میں ملوث میاں بیوی مسماة (س) زوجہ شعیب اور شعیب ولد عبدالستار کو گرفتار کر لیا گیا۔
گرفتار ملزمہ اور اس کے والدین کا تعلق افغانستان سے ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم شعیب بے روزگار تھا جس کے بعد اس نے ساس کے گھر سے چوری کی منصوبہ بندی کی۔ ملزمان کے قبضے سے مسروقہ 12 لاکھ روپے، 40 ہزار افغان کرنسی ، 4200 امریکن ڈالر اور طلائی زیورات برآمد کر لئے گئے ہیں مقدمہ درج کر لیا گیا۔

مزید پڑھیں:  ٹانک، پٹرول کی کم ہونے والی قیمت میں ردوبدل پر عوام پریشان