نادرا افسران جسمانی ریمانڈ

جعل سازی میں گرفتار نادرا افسران جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے

ویب ڈیسک: جعلی شناختی کارڈز بنانے کے الزام میں گرفتار نادرا کے افسران اور دیگر عدالت میں پیش کر دیئے گئے، عدالت نے ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر اکرام اللہ، سپرٹنڈنٹ فرید خان اور دو ایجنٹس اسد اللہ اور نثار محمود تفتیش کے لیے ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کے حوالے کر دیئے جبکہ سینئر ایگزیکٹیو ملتان آفس عبدالرزاق جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کر دیئے گئے۔ تفتیشی آفیسر کے مطابق ملزمان اکرام اللہ، فرید خان، عبد الرازق، اسد اللہ اور نثار محمود پر جعل سازی کا الزام ہے، ملزمان نے ملی بھگت سے 59 افراد کے لیے جعلی شناختی کارڈز بنائے ہیں۔
تفتیشی آفیسر نے مزید بتایا کہ ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج ہیں اور ان سے تفتیش کی ضرورت ہے، اس لئے ان کا پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ تفتیشی افسر کی استدعا پر عدالت نے چار ملزمان کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں ایف آئی اے کو حوالے کر دیا۔

مزید پڑھیں:  پشاور ہائیکورٹ: مخصوص نشستوں پر حلف نہ لینے کے کیس میں وزیراعلیٰ اور سپیکر سے جواب طلب