سیاحت کو بطور صنعت فروغ دینے کیلئے کوشاں ہیں، محمد اعظم خان

ویب ڈیسک: عالمی یوم سیاحت کے موقع پر نگران وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمد اعظم خان نے کہا ہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج سیاحت کا عالمی دن منایا جارہا ہے، اس دن کو منانے کا مقصد سیاحت کی اہمیت اور اس کے فروغ کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے۔
نگران وزیر اعلی اعظم خان نے کہا کہ پاکستان خصوصاً خیبر پختونخوا میں سیاحت کے فروع کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، سیاحت کو فروغ دے کر نہ صرف لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کئے جاسکتے ہیں بلکہ ملکی معیشت کو بھی مضبوط بنیادیں فراہم کی جاسکتی ہیں۔
نگران وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا قدرتی حسن سے مالامال ہونے کے ساتھ ساتھ منفرد ثقافتی ورثے کا حامل صوبہ ہے، یہاں کے لوگ اپنی روایتی مہمان نوازی کے لئے مشہور ہیں۔ عالمی یوم سیاحت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے قدرتی حسن اور ثقافتی ورثے کو سیاحت کے فروع کے لئے موثر طریقے سے استعمال میں لانے کی ضرورت ہے، اس لئے صوبائی حکومت سیاحت کو بطور صنعت فروغ دینے کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے.
وزیر اعلی نے کہا کہ صوبائی حکومت ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کو تمام تر سہولیات کی فراہمی کے لئے ایک مربوط حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال اب تک ایک کروڑ 11 لاکھ سے زائد ملکی و غیر ملکی سیاحوں نے خیبر پختونخوا کا رخ کیا، نگران وزیر اعلیٰ محمد اعظم خان نے کہا کہ ملکی اور غیر ملکی سیاح زیادہ سے زیادہ خیبر پختونخوا آئیں اور یہاں کے قدرتی حسن اور مہمان نوازی سے لطف اندوز ہوں۔

مزید پڑھیں:  پی ٹی آئی رہنماء رؤف حسن نامعلوم افراد کے حملے میں زخمی