بابر اعظم کی آئِی سی سی رینکنگ میں بادشاہت برقرار

ویب ڈیسک: آئِی سی سی نے ون ڈے رینکنگ جاری کر دی جس کے مطابق بابر اعظم نمبر ون پوزیشن پر برقرار ہیں جبکہ ٹاپ ٹین میں پاکستان کے مزید دو بلے باز بھی شامل ہیں۔
آئی سی سی اعلامیہ کے مطابق رینکنگ میں بابر اعظم کے بعد بھارت کے بہترین بلے باز شبھمن گل صرف 10 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ بہترین بلے بازوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر جنوبی افریقہ کے وین ڈیر ڈوسن، چوتھے نمبر پر آئرلینڈ کے ہیری اور قومی ٹیم کے اوپنرامام الحق پانچویں نمبر پر براجمان ہیں۔
عالمی درجہ بندی میں آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر چھٹے، جنوبی افریقہ کے کوانٹن ڈی کک ساتویں اور افریقی بلے باز ہینرک کلاسن آٹھویں نمبر پرموجود ہیں۔
آئِی سی سی رینکنگ میں بھارت کے ویرات کوہلی نویں اور پاکستان کے فخر زمان دسویں نمبر پر موجود ہیں۔
یاد رہے کہ بابر اعظم نے آئِی سی سی ورلڈ کپ کیلئے بھارت روانگی سے قبل اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ ہم پر بھارت میں کرکٹ کھیلنے کا کوئی پریشر نہیں، ورلڈ کپ جیتنے کیلئے ہمارا مورال کافی ہائی ہے، کوشش کریں گے کہ اچھا کھیلیں اور ورلڈ کپ لے کر آئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرے حساب سے ہم نمبر ون ہی آئیں گے، نسیم شاہ کو کافی مس کریں گے، نسیم اور شاہین کی جوڑی ٹیم کیلئے کافی سہولت کا باعث تھی۔

مزید پڑھیں:  ریئل اسٹیٹ سیکٹر بھی آئی ایم ایف کے ریڈار پر آ گیا