ایم ڈی کیٹ کے دوبارہ انعقاد پر ایٹا اور کے ایم یو سے جواب طلب

ویب ڈیسک: ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے دوبارہ انعقاد کے حوالے سے ایڈووکیٹ جنرل نے پشاور ہائیکورٹ کو آگاہ کردیا۔ ایم ڈی کیٹ سے متعلق دائر درخواستوں پر سماعت جسٹس عبدالشکور اور جسٹس ارشد علی نے کی۔ دوران سماعت ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ صوبائی کابینہ نے ٹیسٹ دوبارہ منعقد کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یاد رہے کہ خیبرپختونخوا کابینہ نے ایم ڈی کیٹ دوبارہ کرانے کی منظوری دیدی۔ ایڈووکیٹ جنرل نے اس حوالے سے عدالت کو بتایا کہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کا دوبارہ انعقاد 6 ہفتوں میں ہو گا۔ ایڈووکیٹ جنرل نے پشاور ہائیِکورٹ کو بتایا کہ پشاور کے علاوہ کراچی، لاہور اور پنجاب میں بھی ٹیسٹ پر جے آئی ٹی بنی ہے۔
وکیل درخواست گزار ضیاء الرحمن تاجک نے سماعت کے دوران کہا کہ حکومت کے پاس ٹیسٹ کینسل کرنے کا اختیار نہیں، ٹیسٹ کنڈکٹ، ری کنڈکٹ کا اختیار پی ایم ڈی سی کے پاس ہے۔ جسٹس ارشد علی نے کہا کہ قانون کے مطابق تو یہ صوبائی حکومت کا اختیار ہے.
وکیل درخواست گزار کے مطابق سندھ حکومت نے ٹیسٹ کینسل کیا تھا جبکہ ہائیکورٹ نے دوبارہ انعقاد کو روکا تھا، ٹیسٹ دوبارہ انعقاد سے ذہین طلباء متاثر ہونگے، انہوں نے مزید کہا کہ 219 طلباء کے خلاف ایف ئی آرز درج ہوئی ہیں، قانون میں یہ بات واضح ہے کہ پیپر منسوح ہوگا پورا ٹیسٹ منسوح نہیں ہوسکتا۔
اس پر عدالت کی جانب سے خیبر میڈیکل یونیورسٹی اور ایٹا کو اپنا جواب جمع کرانے کی ہدایت کر دی گئی اور ساتھ ہی عدالت کی جانب سے کہا گیا کہ منگل کے دن اس کیس کو سنیں گے اور فیصلہ کریں گے۔

مزید پڑھیں:  کوہاٹ میں ٹریکٹر الٹنے سے ڈرائیور جاں بحق