پٹرولیم مصنوعات قیمتیں بڑھنے سے غیرملکی تیل وڈیزل سمگلنگ زورپکڑ گئی

ویب ڈیسک: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کئی گنابڑھنے کے باعث پشاور میں غیرملکی تیل اورڈیزل کی سمگلنگ بھی زور پکڑ گئی ہے ، پولیس نے مختلف مقامات پر غیرملکی ڈیزل سے بھرے 2آئل ٹینکرز تحویل میں لیکر متعددملزمان کو بھی گرفتار کرلیا جو ہزاروں لٹرڈیزل سمگل کرنے کی کوشش کررہے تھے۔ ایس ایچ او تھانہ گلبہار عمر آفریدی کے مطابق ایرانی ڈیزل غیر قانونی طریقے سے سپلائی کرنے میں ملوث 2ملزمان گران اللہ ولد احسان اللہ اور اکرم ولد گل کریم ساکنان چمکنی کو گرفتار کرلیاگیا۔
آئل ٹینکر سے 10 ہزار لیٹر غیر ملکی ڈیزل برآمد کرنے سمیت ملزمان کی نشاندہی پر ان سے 2عدد جنریٹر اور 9 عدد خالی ڈیزل کے ٹپکے بھی برآمد کئے گئے ۔اسی طرح تھانہ رحمان باباپولیس نے بھی ایرانی تیل غیر قانونی طریقے سے سپلائی کرنے میں ملوث 5ملزمان کوآئل ٹینکر سمیت گرفتار کرلیا ۔ملزمان کی شناخت حبیب، راشد، محمد سجاد، نعمان اور موسیٰ کے ناموں سے ہوئی ہے جنہوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران ایرانی تیل غیر قانونی طور پر پشاور سمیت مختلف اضلاع کو سپلائی کرنے کا اعتراف کرلیا۔ ٹینکر سے ہزاروں لیٹر ایرانی ڈیزل برآمد کرنے سمیت ڈیزل کے ڈرم بھی برآمدہوئے ہیں ۔برآمد شدہ ڈیزل کی قیمت لاکھوں میں بتائی جاتی ہے ۔ پولیس کے مطابق غیرقانونی طریقے سے تیل وڈیزل کی سمگلنگ سے قومی خزانے کو نقصان پہنچایاجارہا تھا ۔ملزمان کیخلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے ۔

مزید پڑھیں:  ججز تعیناتی :لاہور ہائیکورٹ کا وزیراعلیٰ پنجاب کو بلانے کا عندیہ