مالی مشکلات،ملازمین کی اکتوبرکی تنخواہیں خطرے میں

ویب ڈیسک: محکمہ خزانہ نے مالی مشکلات قابو کرنے کیلئے جاری اخراجات کی مد میں فنڈز کی فراہمی سست کردی ہے ذرائع کے مطابق صرف تنخواہیں بروقت جاری کی جائیں گی جبکہ گرانٹس اور جاری اخراجات کی مد میں ادائیگیاں سست روی سے ادا ہونگی ۔ محکمہ خزانہ ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت کا مالی خرچ ماہانہ 87ارب روپے سے متجاوز ہیں جن میں تنخواہوں اور پنشن کے ساتھ ساتھ مختلف خود مختار اداروں کی گرانٹ سمیت جاری اخراجات بھی شامل ہیں ان اخراجات میں ایندھن، یوٹیلیٹی بلز اور تمام الائونسز کی ادائیگی صوبائی حکومت کرتی ہے صوبائی حکومت تنخواہوں اور پنشن کی مد میں ہر ماہ تقریبا 52ارب روپے کا خرچ برداشت کرتی ہے
ذرائع کے مطابق اس وقت صوبائی حکومت کے پاس خزانے میں 20ارب روپے سے زائد موجود ہیں جبکہ ماہ اکتوبر کی تنخواہ کیلئے مزید کم سے کم 32ارب روپے درکار ہیں اسی طرح کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے بھی صوبائی حکومت کو اپنے پاس خزانے میں رقم رکھنی ہے ان تمام امور کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبائی حکومت نے گرانٹ اور جاری اخراجات کی مد میں رقم کا اجراء سست کردیا ہے آئندہ ہفتے قومی مالیاتی کمیشن کی قسط موصول ہونے کے بعد صوبائی خزانہ کی صورتحال کا جائزہ لیاجائیگا اور گرانٹ سمیت جاری اخراجات کی رقم جاری کی جائیگی۔

مزید پڑھیں:  جنوبی وزیرستان میں لینڈ مائن دھماکہ ،5بچے زخمی