ملک بھر میں مقیم غیر قانونی تارکین وطن کیخلاف کارروائیاں

ویب ڈیسک: پاکستان بھر میں مقیم غیر قانونی تارکین وطن کو دی گئی مہلت ختم ہونے کے بعد ان کیخلاف کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ اسلام آباد، راولپنڈی، کراچی اور کوئٹہ سمیت ملک کے دیگر شہروں میں کریک ڈاون کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈی سی اسلام آباد عرفان میمن اور ایس ایس پی سی ٹی ڈی نے دو بسوں میں سوار 64 افغان باشندوں کو پولیس سیکیورٹی میں طورخم بارڈر کیلئے روانہ کیا گیا۔ یاد رہے غیر قانونی طورپر رہائش پذیر باشندوں کو گرفتار کر کے اڈیالہ جیل میں رکھا گیا تھا۔ طورخم بارڈر پر ایف آئی اے امیگریشن کے حکام افغان باشندوں کو افغان حکام کے حوالے کرینگے۔
کراچی میں مقیم غیر قانونی تارکین وطن کیخلاف آپریشن کرتے ہوئے 4 افغانیوں کو گرفتار کرکے ہولڈنگ کیمپ منتقل کر دیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس کی بھاری نفری نے کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ الا آصف سکوائر کے اطراف میں آپریشن کیا، اس کے دوران غیرقانونی طورپرمقیم افرادکو آخری وارننگ دے دی گئی اور اس کے بعد باقاعدہ کارروائی کا آغاز کیا گیا۔
راولپنڈی میں آپریشن کرتے ہوئے 100 سے زائد غیر قانونی مقیم افراد کو حراست میں لیا گیا۔
پولیس زرائع کے مطابق اڈیالہ جیل سے 64 غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کو اسلام آباد انتظامیہ کے حوالے کردیا گیا جبکہ 100سے زائد غیر قانونی مقیم افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
کوئٹہ میں ایس یس پی آپریشن محمد جواد نے اس حوالے سے بتایا کہ غیر قانونی مقیم تارکین وطن کے خلاف کریک ڈاون شروع کر دیا گیا ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس کے ساتھ ساتھ ایف سی اور دیگر اداروں کے تعاون سے مختلف علاقوں میں کارروائی کی جا رہی ہے، اس دوران گرفتار غیر قانونی تارکین وطن کو ہولڈنگ سینٹر منتقل کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق غیر ملکیوں کیخلاف آپریشن کے پہلے 3 دن تک 10 بسوں کے ذریعے یومیہ 500 افغان باشندے چمن بھیجے جائیں گے، ٹرین کے ذریعے روزانہ 780 سے 800 افغان باشندوں کی واپسی ہو گی۔
دوسری جانب حکام کا کہنا ہے کہ غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کو ملک چھوڑنے کی ڈیڈ لائن نہیں بڑھائی جائے گی۔

مزید پڑھیں:  ماتحت عدلیہ میں ججز تعیناتی کیلئے حکومت کو 3ہفتے کی مہلت